خبرنامہ

دہشت گردی اور انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، امام کعبہ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) امام کعبہ شیخ صالح بن ابراہیم آل طالب کا کہنا ہے کہ اسلام امن اور محبت کا دین ہے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کا دین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں نماز فجر کی امامت کے بعد اپنے بیان میں امام کعبہ کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کے مسلمان پاکستان کی طرف امید کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اللہ پاکستان کو ہر قسم کی برائیوں اور شر سے محفوظ رکھے اور امت مسلمہ کی حفاظت فرمائیں۔

امام کعبہ نے کہا کہ اسلام اعتدال اور محبت کا دین ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، اللہ اپنے مخلص بندوں کے ہاتھوں دین کی حفاظت کرواتا ہے جب کہ مسلمانوں کی بقا اتحاد میں ہی ہے اور اللہ کے گھر خانہ کعبہ کو خطرہ مسلم اتحاد کو خطرے کے مترادف ہو گا۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مذہب اور مسلک کی تفریق کے بغیر قائم کیا گیا، پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں، سعودی عرب اسلام کا مرکز ہے اس لئے اس کا دفاع عالم اسلام کا دفاع ہے۔