رائےونڈ دہشت گردی میں 9 شہید 2 اے ایس اآئی، 3 پولیس سپاہی اور 4 شہری شامل
لاہور:(ملت آن لائن) لاہورکے علاقے رائے ونڈ میں اجتماع گاہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر خود کش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید ہوگئے۔ دھماکے کے نتیجے میں 13 پولیس اہلکاروں سمیت 25 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اجتماع گاہ کے باہر قائم پولیس چیک پوسٹ کے قریب رات تقریباً 8 بجکر 45 منٹ پر اس وقت دھماکا ہوا جب چیک پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں کی ایک ٹیم اپنی شفٹ ختم کرکے جارہی تھی اور ڈیوٹی پر آنے والی دوسری ٹیم کو اے ایس پی زبیر نذیر بریفنگ دے رہے تھے۔ پولیس کے مطابق جس وقت اے ایس پی زبیر نذیر بریفنگ دے رہے تھے اسی وقت موٹرسائیکل پر سوار خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ پولیس حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حملہ آور نے تین سے چار کلو بارودی مواد خود کش جیکٹ میں لگایا ہوا تھا۔ دھماکے کے مقام سے مشتبہ دہشت گرد کے جسم کے اعضاء بھی مل گئے ہیں جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے لیب بھجوادیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیر لیا اور شواہد اکھٹے کیے۔
خود کش حملہ آور نے پولیس کو نشانہ بنایا، ڈی آئی جی آپریشنز
ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خود کش حملہ آور نے پولیس کو نشانہ بنایا جس میں 5 پولیس اہلکار اور 4 شہری شہید ہوئے۔ ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ سے انسانی اعضاء بھی ملے ہیں جنہیں معائنے کے لیے بھجوادیا گیا ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے شریف میڈیکل سٹی اسپتال اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 25 افراد زخمی ہوئے جن میں اے ایس پی سمیت 13 پولیس اہلکار شامل ہیں۔ خیال رہے کہ دھماکا رائے ونڈ میں اجتماع گاہ کے قریب ہوا جہاں تبلیغی جماعت کا سالانہ اجتماع جاری ہے۔ بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کیخلاف کارروائی میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتیں، صدر ممنون حسین صدر ممنون حسین نے رائے ونڈ میں دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو زخمیوں اور متاثرین کی ہرممکن مدد کرنے کی ہدایت کی۔
صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے بے پناہ قربانیاں دے کر دہشتگردوں کو شکست دی ہے اور اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتیں۔
شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رائے ونڈ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ شہباز شریف نے بھی خود اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کی قربانی دی جن پر قوم کو فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں امن کیلئے دہشتگردی کی نرسریاں تباہ کرنا ضروری ہے، آصف زرداری سابق صدر آصف زرداری نے بھی رائے ونڈ میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے منصوبہ سازوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ آصف زرداری نے کہا ہے کہ پولیس کے جوانوں نے ہمیشہ دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملائے اور دہشت گردی کی نرسریاں تباہ کرنا امن کے لیے ضروری ہے۔ شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری نے دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس افسران اور جوانوں کی صحت یابی کی دعا بھی کی۔