زخمی قریبی ہسپتال منتقل ، کئی کی حالت تشویشناک ، ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ،نعشوں اورزخمیوں کو بسوں کی باڈی کو کاٹ کرنکالا گیا ،حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ،زخمیوں اور جاں بحق ہونیوالوں میں کئی طالب علم بھی شامل
صدرمملکت ،وزیراعظم ، عمران خان ، چوہدری نثار سمیت سیاسی وسماجی رہنماؤں کا ٹریفک حادثے میں ہونیوالی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار
رحیم یار خان /لاہور (آئی این پی )رحیم یار خان میں خان پور روڈپرسجہ موڑ کے قریب دوبسوں کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں نوبیاہتا جوڑے سمیت 29افرادجاں بحق جبکہ 60سے زائدزخمی ہوگئے،زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے ،نعشوں اورزخمیوں کو بسوں کی باڈی کو کاٹ کر نکالا گیا ،حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ،زخمیوں اور جاں بحق ہونیوالوں میں کئی طالب علم بھی شامل تھے ،صدرمملکت ممنون حسین ،وزیراعظم نوازشریف ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،وزیر داخلہ چوہدری نثار سمیت سیاسی وسماجی رہنماؤں نے ٹریفک حادثے میں ہونیوالی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ۔پیر کو پولیس کے مطابق رحیم یار خان میں خان پور روڈپر سجہ موڑ کے قریب ٹریفک حادثے میں29افرادجاں بحق اور60سے زائدزخمی ہوگئے۔ حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔زخمیوں اور جاں بحق ہونیوالوں میں نوبیاہتا جوڑے اورطلبا شامل ہیں ۔حادثہ خان پور روڈپر اس وقت پیش آیا جب کراچی سے لاہور اور فیصل آبادسے صادق آباد جانے والی بسیں آپس میں ٹکراگئیں۔ حادثے کے بعد بسیں بری طرح تباہ ہوگئیں اور بسوں کی باڈی کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا۔ زخمیوں کوہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ بسوں کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جاں بحق ہونے والوں میں دونوں بسوں کے ڈرائیور اور کلینرز بھی شامل ہیں۔صدرمملکت ممنون حسین ،وزیراعظم نوازشریف ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،وزیر داخلہ چوہدری نثار سمیت سیاسی وسماجی رہنماؤں نے ٹریفک حادثے میں ہونیوالی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خانپور کے قریب ٹریفک کے افسوسناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کی ۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجہ کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔واضح رہے کہ 2009 میں بھی سجہ موڑ پر باراتیوں سے بھری 2 بسیں مخالف سمت سے آتے ٹرک سے ٹکرا گئیں تھیں جس کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔