خبرنامہ

زرداری کی شوگر ملز، گھر پر تعینات 150 سیکیورٹی اہلکار واپس طلب

سپریم کورٹ کے حکم پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے گھر اور شوگر ملز کی حفاظت پر تعینات 150 سے زائد پولیس اہلکاروں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔

شہید بینظیر آباد کے ایس ایس پی رائی اعجاز احمد نے تصدیق کی ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر مختلف علاقوں میں آصف علی زرداری کی پراپرٹی پر تعینات پولیس افسران کو تھانے رپورٹ کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے جن میں زرداری ہاؤس پر تعینات 36 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے حکم پر ملک بھر میں غیر متعلقہ سیاسی اور غیر سیاسی شخصیات کی سیکیورٹی پر تعینات کل 12 ہزار 600 پولیس اہلکاروں کو واپس بلانے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی حکم پر پنجاب میں 4 ہزار 610، سندھ میں 5ہزار 5، خیبرپختونخوا میں 2 ہزار، بلوچستان میں 829، اسلام آباد میں 246 پولیس اہلکاروں کو واپس اسٹیشن پر بلا یا گیا۔

ایس ایس پی اعجاز احمد نے کہا کہ انکاری پولیس اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاہم سابق صدر کی حیثیت سے زرداری ہاؤس کی منظور شدہ سیکیورٹی برقرار رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ جس کو سیکیورٹی درکار ہے وہ درخواست جمع کرانے کا پابند ہوگا تاہم درخواست پر حتمی فیصلہ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی اور متعلقہ ادارے میرٹ کی بنیاد پر کریں گے۔