خبرنامہ

سابق چیف جسٹس ناصرالملک کو نگران وزیراعظم نامزد کر دیا گیا

سابق چیف جسٹس ناصرالملک کو نگران وزیراعظم نامزد کر دیا گیا

اسلام آباد: (ملت آن لائن) سابق چیف جسٹس ناصر الملک کو نگران وزیراعظم نامزد کر دیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پریس کانفرنس کے ذریعے نگران وزیراعظم کے نام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی موجود تھے۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج تاریخی دن ہے، ہم جمہوری فیصلہ کر رہے ہیں، وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کا مشکور ہوں، ناصر الملک کی عدلیہ میں تاریخی خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان بڑے مسائل سے گزر رہا ہے، خوشی ہے ہم ایک بار پھر 5 سال مکمل کر رہے ہیں، پاکستان ایک نئے سفر کی طرف گامزن ہے، امید ہے جو پارٹی بھی الیکشن جیت کر آئے گی وہ عوام کی خدمت کرے گی۔

یاد رہے سندھ اور کے پی اسمبلیاں آج تحلیل ہوجائیں گی۔ نگران وزیراعلیٰ کے حلف اٹھانے تک مراد علی شاہ کام جاری رکھیں گے جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کا بھی آج آخری دن ہے۔ صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہوجائے گی، نگران وزیراعلیٰ بننے تک پرویز خٹک ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ وفاق، پنجاب اور بلوچستان کی اسمبلیاں 31 مئی کو تحلیل ہوں گی۔ 25 جولائی کو عوام اگلی حکومت کے چناؤ کیلئے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔