خبرنامہ

سانحہ اوجڑی کیمپ کے بعد شاہد خاقان عباسی سیاست میں آئے، خاتونِ اول

سانحہ اوجڑی کیمپ

سانحہ اوجڑی کیمپ کے بعد شاہد خاقان عباسی سیاست میں آئے، خاتونِ اول

اسلام آباد:(ملت آن لائن) خاتون اول ڈاکٹر ثمینہ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اوجڑی کیمپ کا سانحہ ہمارے لیے بہت بڑا تھا جس نے ہماری زندگی بدل دی اور شاہد خاقان عباسی اسی سانحے کے باعث سیاست میں آئے۔ خاتون اول ڈاکٹر ثمینہ شاہد خاقان عباسی پہلی مرتبہ میڈیا کے سامنے آئیں اور ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے بہت سی دلچسپ باتیں بتائیں۔ وزیراعظم کی اہلیہ نے بتایا، ‘میرے سسر چاہتے تھے کہ ان کا بڑا بیٹا سیاست میں آئے لیکن اس حادثے کی وجہ سے شاہد خاقان عباسی کو سیاست میں آنا پڑا’۔ واضح رہے کہ سانحہ اوجڑی کیمپ 1986 میں پیش آیا تھا، جب راولپنڈی میں امریکی اسلحہ ڈپو میں دھماکے کے نتیجے میں کئی سو افراد شہید اور ہزاروں لوگ زخمی ہوگئے تھے، اس واقعے میں شاہد خاقان عباسی کے والد ایئرکموڈور خاقان عباسی بھی شہید ہوئے تھے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ٹائی کیوں نہیں پہنتے؟
انٹرویو کے دوران خاتون اول نے بتایا کہ ‘شاہد خاقان عباسی بہت سادہ زندگی گزارتے ہیں،کھانے میں انہیں کسی بھی قسم کا گوشت پسند نہیں، وہ دالیں اور سبزیاں زیادہ پسند کرتے ہیں اور ان کی پسندیدہ سبزی بھنڈی ہے’۔ گھر کے کاموں میں ہاتھ بٹانے کے حوالے سے اہلیہ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ‘گھر کے کسی بھی کام میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے ان کے پاس تو وقت نہیں ہوتا لیکن اگر انہوں نے کہیں جانا ہو تو وہ اپنی پیکنگ خود ہی کر لیتے ہیں’۔ ثمینہ شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ ‘انہیں اور وزیراعظم کو سیاحت کا بہت شوق ہے اور اگر یہ کہا جائے کہ وہ ٹورزام میں ایکسپرٹ ہیں تو غلط نہیں ہوگا’۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سالگرہ کے موقع پر تصویر منظر عام پر آگئی
ان کا کہنا تھا، ‘ہم جہاں بھی ساتھ گئے، میں نے دیکھا کہ وہ وہاں جا کر سب سے پہلے اس سیاحتی مقام کا کتابچہ لے کر پوری معلومات حاصل کرتے ہیں، انہیں شاپنگ کرنے کا شوق نہیں بلکہ وہ صرف سیاحت چاہتے ہیں، اسی وجہ سے جب ہم نے کہیں شاپنگ پر جانا ہوتا ہے تو ہم ان کے بغیر ہی جاتے ہیں’۔ انہوں نے کہا کہ ‘بچوں کی وابستگی شروع سے ہی میرے ساتھ رہی لیکن ان کے رول ماڈل شاہد خاقان عباسی ہی ہیں’۔ خاتون اول کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی طبیعت میں غصہ بالکل نہیں ہے، ‘میں نے ان کو آج تک غصے میں نہیں دیکھا، یہ ان کی مزاج کی ہی خصوصیت ہے کہ آج تک ہمارا کبھی بھی جھگڑا نہیں ہوا اور ان کی اسی بات نے انہیں سیاسی زندگی میں بہت سپورٹ کی’۔