راولپنڈی: (ملت آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں علماء کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ سانحہ پارا چنار کے ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے گا، یہ ایک عظیم نقصان ہے، فرقے یا مسلک سے قطع نظر تمام شہید اور زخمی ہمارے لیے برابر ہیں، ہم سب پاکستانی اور مسلمان ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ موجودہ حادثات کو دانستہ فرقہ وارانہ اور نسلی منافرت کے طور پر پیش کیا جا رہاہے، یہ گمراہ کن مہم پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے شروع کی گئی ہے اور اس مہم کا پھیلنا افسوسناک ہے، پاک فوج دشمن ایجنسیوں کی جانب سے حالیہ واقعات کو دہشت گردی اور نسلی منافرت کا رنگ دینے کو قریب سے دیکھ رہی ہے۔ پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا ہے کہ دشمن ہمیں دہشتگردی کے ذریعے تقسیم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے، جس کے بعد وہ دیگر حربوں پر اتر آیا ہے۔