خبرنامہ

سندھ، خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا

کراچی/پشاور: سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب آج ہوگا۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی زیرصدارت اسمبلی اجلاس اب سے کچھ دیر بعد ہوگا جس میں صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے کے لیے سید مراد علی شاہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں جب کہ مشترکہ اپوزیشن کے امیدوار شہریار مہر ہیں۔

اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن مستحکم ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مراد علی شاہ ایک مرتبہ پھر واضح اکثریت سے قائد ایوان منتخب کرلیے جائیں گے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی اسپیکراورڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج عمل میں لایا جائے گا۔

کے پی کے اسمبلی کے قائد ایوان کے لیے تحریک انصاف کے محمود خان اوراپوزیشن کے میاں نثار گل کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

آج اسمبلی اجلاس کے دوران منتخب ہونے والے وزیراعلیٰ کل گورنر ہاوس میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنے عہدےکا حلف اٹھائیں گے جب کہ نگران وزیراعلی جسٹس (ر) دوست محمد خان نے وزیراعلیٰ ہاوس بھی خالی کردیا۔