خبرنامہ

سپریم کورٹ: بلوچستان میگا کرپشن ،سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کی درخواست ضمانت مسترد

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) سپریم کورٹ نے بلوچستان میگا کرپشن کے اہم ملزم سابق مشیر خزانہ بلوچستان خالد لانگو کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کی طرف سے ریفرنس دائر کرنے میں تاخیر اور دیگر معاملات پر تفصیلی فیصلہ بعد میں دیا جائے گا۔ منگل کو سابق مشیر خزانہ بلوچستان کی درخواست ضمانت پر کیس کی سماعت جسٹس دوست محمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے ملزم کے خلاف تاحال ریفرنس دائر نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ چیئرمین نیب بتائیں کہ ریفرنس تاحال فائل کیوں نہیں ہوا۔ چیئرمین نیب نے جواب دیا کہ ریفرنس کی منظوری کل ہوئی اس لئے دائر نہیں ہوا یہ وائٹ کالر کیس ہے کوئی عام کیس نہیں ‘ پراسیکیوٹر جنرل اور متعلقہ ڈی جی کی مشاورت سے فیصلہ کرتا ہوں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ضابطے کے تحت قانونی مشاورت کرتا ہوں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے پلی بارگین کی درخواست پر فیصلہ نہیں کیا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ریفرنس کی منظوری میں 9 ماہ کا عرصہ کیوں لگا ۔چیئرمین نیب نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم کی تحقیقات میں وقت لگتا ہے۔ نیب نے اس کیس میں شاندار کردار ادا کیا ہے۔ جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ نیب نے ملزم کو کئی ماہ سے حراست میں لے رکھا ہے ریفرنس فائل نہ ہونا نیب کی بدنیتی کیوں نہ سمجھی جائے۔ نیب تفصیل دے کہ خالد لانگو کے دور میں کتنے فنڈز جاری ہوئے۔ جسٹس دوست محمد نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں پر عوامی اعتماد ختم ہونے پر عدالتوں نے فیصلے دیئے کہ اب تو تمام ادارے تباہی کے کنارے پر ہیں کیا عدالتوں کو کردار ادا نہیں کرنا چاہئے؟ عدالت نے خالد لانگو کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔