سپریم کورٹ میں تاحیات نااہلی کے خلاف درخواستوں کی سماعت آج ہوگی
اسلام آباد:(ملت آن لائن)سپریم کورٹ کا لارجر بینچ آج تاحیات نااہلی کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کرے گا جس میں نواز شریف اور جہانگیر ترین کو خود یا وکلا کے ذریعے کارروائی میں شامل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ 14 ارکان اسمبلی نے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں، سپریم کورٹ نے تمام درخواستوں کو یکجا کرتے ہوئے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا ہے جو چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں آج ان درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ لارجر بینچ كے ممبران میں جسٹس عظمت سعید، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں۔ سپریم کورٹ نے اس ضمن میں نااہل قرار دیے گئے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو بھی ان کی درخواستوں پر نوٹس جاری کیے ہیں جس میں انہیں حکم دیا گیا ہے کہ فریقین خود یا وکیل کے ذریعے مقدمے کی کارروائی میں شامل ہوں۔ خیال رہے كہ آئین كے مذكورہ آرٹیكل كے تحت سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور پی ٹی آئی رہنما جہانگیر خان ترین كو بھی نااہل كیا گیا ہے۔ قانونی ماہرین نے كہا ہے كہ اگر عدالت نے درخواستوں پر نااہلی كی مدت کا تعین كردیا تو امكان ہے كہ ان دونوں رہنماؤں كو بھی ریلیف مل سكتا ہے۔ یاد رہے کہ 14 ارکان اسمبلی نے سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں میں مطالبہ کیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کا قانون ختم کرکے اس کی مدت کا تعین کیا جائے، درخواستیں دائر کرنے والوں میں وہ ارکان اسمبلی بھی شامل ہیں جنہیں جعلی تعلیمی ڈگریوں کی بنا پر نااہل کیا گیا۔