سپریم کورٹ نے اینکر شاہد مسعود کے پروگرام پر 3 ماہ کیلئے پابندی عائد کردی
اسلام آباد:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ نے زینب قتل کیس میں مجرم کے اکاؤنٹس کا دعویٰ کرنے والے اینکر شاہد مسعود کے پروگرام پر تین ماہ کے لیے پابندی عائد کردی۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے زینب قتل کیس میں اینکر شاہد مسعود کے الزامات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس اینکرپر شدید برہم
دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے اینکر شاہد مسعود پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تو آپ سے محبت کی لیکن لگتاہے شاہد مسعود کو بڑوں کی نصیحت کااحساس نہیں، دوسرے دن بھی پروگرام میں میرے کورٹ آفیسر کی تضحیک کی، آپ کی ہمت کیسے ہوئی میرے لاء آفیسر کی توہین کرنے کی؟ دیکھتا ہوں کتنے دن پروگرام چلتا ہے۔
شاہد مسعود کو اپنی زبان میں سمجھادیں: چیف جسٹس کا وکیل سے مکالمہ
چیف جسٹس پاکستان نے شاہد مسعود کے وکیل شاہ خاور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاہ خاور صاحب انہیں سمجھایا کریں اور اپنی زبان میں سمجھا دیں، ورنہ ہمیں بھی آتا ہے کس طرح عزت کروائی جاتی ہے، اب جا کر ٹی وی پر نہ بولنا شروع کردیں،
جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہوسکتاہے شاہد مسعود کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں۔
اینکر کا پروگرام پروجیکٹر پر چلایا گیا
چیف جسٹس نے عدالتی عملے کو اینکر شاہد مسعود کے پروگرام کا حصہ پروجیکٹر پر لگانے کی ہدایت کی جو سماعت میں وقفہ ختم ہونے کے بعد چلایا گیا۔ سماعت دوبارہ شروع ہونے پر شاہد مسعود نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی اور ان کے وکیل نے کہا کہ ہم کسی لاء آفیسر کی توہین نہیں چاہتے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ معافی نہیں سزا ملے گی، آپ نے پروگرام میں بلندوبانگ دعوے کیے، عوام کو دکھایا جائے گا کہ آپ نے شو میں کیا کہا تھا۔
اینکر شاہد مسعود نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی
شاہد مسعود نے کہا کہ عدالت سے معذرت خواہ ہوں، اس پر چیف جسٹس نے مکالمہ کیا کہ اتنی رعایت دیتے ہیں کہ آف ایئرہونے کی مدت خود طےکرلیں۔ اینکر نے کہا کہ آپ میرے پروگرام پر ایک ماہ کے لیے پابندی عائد کردیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کم از کم چھ ماہ آف ایئرکریں گے۔ شاہد مسعود کے وکیل نے کہا کہ چھ ماہ بہت سخت ہوں گے جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ غیر مشروط معافی لکھ کردیں،جائزہ لیں گے کتنی دل سے معافی مانگی گئی، شاہد مسعود آپ نےقاضی کوپکارا تھا آپ مظلوم ہیں، مظلوم کی پکار پر قاضی آئے گا۔ عدالت نے اینکر شاہد مسعود کے پروگرام پر 3 مہینے کے لیے پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کیا اور اس حوالے سے پیمرا کو بھی ہدایات جاری کردیں۔
شاہد مسعود صاحب آپ نے پھانسی مانگی تھی وہ نہیں دے رہے: چیف جسٹس
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ شاہد مسعود صاحب آپ نے پھانسی مانگی تھی وہ نہیں دے رہے، ابھی تو یہ نہیں پتہ کہ آج آپ ٹاک شو کریں گے بھی یا نہیں، تین ایسے قانون ہیں جو ہم نے دیکھنے ہیں کہ آپ پر لاگو ہوتے ہیں، ایک توہین عدالت، دوسرا انسداد دہشتگردی قانون اور تیسرا پیمرا لاء، دیکھیں گے کہ ان قوانین کے تحت آپ کے خلاف کیا کارروائی ہوسکتی ہے، دیکھیں گے کہ پیمرا قانون کے تحت آپ کا پروگرام یا چینل بند ہوسکتا ہے۔ جسٹس ثاقب نثار نے مزید کہا کہ آپ شاید عدالتوں کو کمزور سمجھتے ہیں، اب یہ پہلے والی عدالت نہیں رہی، اب جو کچھ عدالت کے بارے میں کہا جائے گا اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ رواں برس جنوری میں پنجاب کے ضلع قصور میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی کمسن زینب کے کیس میں ٹی وی اینکر شاہد مسعود نے مجرم عمران کے بیرون ملک 37 بینک اکاؤنٹس ہونے کا دعویٰ کیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیا تھا جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی معاملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنائی تھی۔