لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاہور میں 22 مقامات پر لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی اراضی کی نیلامی کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں فل بنچ نے ایل ڈی اے اراضی پر قبضے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران آئل کمپنیوں اور پیٹرول پمپس کے مالکان پیش ہوئے۔
چیف جسٹس پاکستان نے ہدایت کی کہ اراضی پر کاروبار کرنے والے لوگ اگر شرائط پر پورا اتریں تو ان کو نیلامی کے عمل میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے حکم دیا کہ شرائط و ضوابط منظور ہونے کے بعد 15 روز کے اندر نیلامی کی جائے۔
چیف جسٹس پاکستان نے ایل ڈی اے سے نیلامی کی شرائط و ضوابط بھی پیش کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا کیا کہ نیلامی کرکے رپورٹ سپریم کورٹ کو پیش کی جائے ۔
ساتھ ہی چیف جسٹس پاکستان نے ہدایت کی کہ مناسب ریٹ پر نیلامی کی جائے، بندر بانٹ نہیں ہونے دیں گے۔