خبرنامہ

‘سینیٹ انتخابات میں دھاندلی سے متاثرہ جماعتیں لائحہ عمل بنائیں ہم ساتھ ہیں’

'سینیٹ انتخابات میں

‘سینیٹ انتخابات میں دھاندلی سے متاثرہ جماعتیں لائحہ عمل بنائیں ہم ساتھ ہیں’

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں جن جماعتوں کےساتھ دھاندلی ہوئی وہ مل کر لائحہ عمل بنانا چاہیں تو ہم ساتھ ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہارس ٹریڈنگ کے سخت خلاف ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس حوالے سے کارروائی ہونی چاہیے۔

سابق وزیراعظم نے پیشکش کی کہ جن جماعتوں کے ساتھ دھاندلی ہوئی وہ مل کر لائحہ عمل بنانا چاہیں تو ہم ساتھ ہیں، ہماری جماعت کبھی ہارس ٹریڈنگ میں ملوث نہیں رہی اور ہم ہارس ٹریڈنگ سے بہت نفرت کرتے ہیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ تحریک انصاف سینیٹ میں پیپلز پارٹی کو اپنے ساتھ ملانا چاہتی ہے تو کیا آپ پیپلز پارٹی کو اپنے ساتھ ملائیں گے جس پر نواز شریف نے کہا کہ وہ آج کوئی گفتگو کرنا نہیں چاہتے کیوں کہ ان کا گلا خراب ہے۔

یاد رہے کہ سینیٹ انتخابات کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، ایم کیو ایم پاکستان پی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار، امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے سینیٹ انتخابات میں پیسے کے استعمال کا الزام عائد کیا تھا۔