خبرنامہ

سی پیک اتحاد کی علامت ہے جس سے کسی کو خطرہ نہیں: وزیر اعظم

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک اتحاد کی علامت ہے ‘ جس سے کسی کو خطرہ نہیں ‘ سی پیک سے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی‘ چین ایک عالمی طاقت اور دنیا کی قیادت کرنے والا ملک ہے ‘ ہمیں چین کی ترقی اور خوشحالی سے سبق سیکھنا ہے ‘ یہ نظریاتی اختلافات کو ہوا دینے کا وقت نہیں ہے ‘ چین اور پاکستان عظیم دوست اور شراکت دار ہیں ‘ مسائل کے حل کے لئے ہمیں عدم مداخلت اور باہمی اعتماد کو فروغ دیناہے ‘ دنیا سے غربت کے خاتمے کے لئے ہمیں متحرک کردار ادا کرنا ہے ‘ کئی ممالک نے سی پیک میں گہری دلچسپی اور سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وہ جمعہ کو چین کے صدر شی جن پھنگ کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کر ہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کتاب کے اردوو ریژن کی رونمائی کی۔ کتاب کے اردو ایڈیشن کا موضوع ’’چین کا طرز حکمرانی ہے‘‘ ۔ چین کے انفارمیشن آفس آف سٹیٹ کونسل کے منسٹر نے وزیر اعظم کو کتاب کی جلد پیش کی۔ تقریب میں کابینہ اراکین اور اراکین پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کتاب کے اردو ایڈیشن کی رونمائی میں شرکت پر خوشی ہے۔ صدر شی جن پھنگ چین کے عظیم رہنما اور پاکستان کے بہترین دوست ہیں۔ کتاب میں سیاست کے ساتھ عام آدمی کی زندگی کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب نہ صرف چین بلکہ پوری دنیا کے لئے ترقی و خوشحالی کا پیغام ہے۔ کتاب سے ہمیں چین کی گزشتہ 4 دھائیوں میں ترقی سیکھنے کا موقع ملے گا۔ ترقی کے لئے ہمیں ثقافتی اور اخلاقی طور پر ایک دوسرے کے قریب آنا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کتاب چین کی تیز ترین ترقی اور طرز حکمرانی کا احاطہ کرتی ہے۔ چین ایک عالمی طاقت اور دنیا کی قیادت کرنے والا ملک ہے۔ ہمیں چین کی ترقی اور خوشحالی سے سبق سیکھنا ہے۔ یہ نظریاتی اختلافات کو ہوا دینے کا وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لئے ہمیں عدم مداخلت اور باہمی اعتماد کو فروغ دیناہے۔ دنیا سے غربت کے خاتمے کے لئے ہمیں متحرک کردار ادا کرنا ہے۔ مسائل کے حل کے حوالے سے صدر شی جن پھنگ کے تصورات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ چین کے ساتھ مل کر سی پیک منصوبے پر کام کرنے پر فخر ہے۔ چین اور پاکستان عظیم دوست اور شراکت دار ہیں۔ مل کر منصوبوں کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ نواز شریف نے ہا کہ سی پیک اتحاد کی علامت ہے جس سے کسی کو خطرہ نہیں ۔ سی پیک سے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ کئی ممالک نے سی پیک میں گہری دلچسپی اور سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ صدر شی جن پنگ کے ویژن سے ایشیاء ‘ افریقہ اور دنیا کے کئی دوسرے خطے منسلک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشاہد حسین سید پاکستان میں چین دوستی کے علمبردار ہیں۔