خبرنامہ

شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر ہفتے کے روز ہو گی، مفتی منیب

شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر ہفتے کے روز ہو گی، مفتی منیب

لاہور: (ملت آن لائن) ملک کے مختلف علاقوں میں شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا، بروز ہفتہ 16 جون کو پاکستان میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔

پاکستان میں شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کے زیرِ صدارت کراچی میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ممبران، محکمہ فلکیات، محکمہ موسمیات اور دیگر متعلقہ محکموں کے ماہرین اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ شہادتوں کے معتبر ہونے کا فیصلہ کرنے کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے چاند نظر نہ آنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں چاند نظر نہیں آیا، اس لیے یکم شوال المکرم 1439ھ مورخہ 16 جون بروز ہفتہ کو ہو گی۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ چاند دیکھنے کے زیادہ امکانات ساحلی پٹی پر موجود ہیں۔ کراچی میں غروب آفتاب کے بعد چاند دیکھنے کا امکان چودہ منٹ، حیدر آباد میں 13 منٹ، چھور میں 12 منٹ، جیکب آباد 10 منٹ اور جیوانی میں 14 منٹ ہو گا جبکہ سب سے زیادہ چاند دیکھنے کا وقت کراچی اور ساحلی پٹی جیوانی اور پسنی میں ہو گا۔