خبرنامہ

شہباز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا قائم مقام صدر منتخب کیے جانے کا امکان

شہباز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا قائم مقام صدر منتخب کیے جانے کا امکان

لاہور:(ملت آن لائن) نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے نئے صدر کے لئے پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج ہوگا۔ جاتی امراء میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور دیگر مرکزی رہنما شریک ہوں گے جب کہ اس موقع پر پارٹی کے نئے صدر کے ناموں پر مشاورت ہوگی۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا قائم مقام صدر منتخب کیا جائے گا اور 45 روز کے دوران پارٹی الیکشن کے ذریعے شہباز شریف کو مستقل صدر بنایا جائے گا۔
نواز شریف پارٹی صدارت کے لیے نااہل قرار
خیال رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہاتھ دھونا پڑا تاہم پارلیمنٹ سے آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد ایک مرتبہ پھر وہ پارٹی کے صدر منتخب ہوئے جس کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کیا۔ سپریم کورٹ نے 21 فروری انتخابی اصلاحات 2017 کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو پارٹی صدارت کے لئے نااہل قرار دیا اور قرار دیا کہ آئین کی دفعہ 62، 63 پر پورا نہ اترنے والا نااہل شخص کسی سیاسی جماعت کی صدارت نہیں کرسکتا۔