صاف پانی کیس: وزیراعلیٰ پنجاب کل صبح 11 بجے سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے
لاہور:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف صاف پانی کیس کی سماعت کے سلسلے میں کل (11 فروری) کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیش ہوں گے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں صاف پانی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالتی معاون عائشہ حامد نے عدالت میں رپورٹ پیش کی، جس میں انکشاف کیا گیا کہ 540 ملین گندہ پانی دریائے راوی میں پھینکا جا رہا ہے۔ عدالت نے اس انکشاف پر وزیراعلیٰ پنجاب کو فوری طور پر عدالت میں طلب کرلیا اور ریمارکس دیئے کہ ‘شہباز شریف وضاحت پیش کریں کہ گندے پانی کی نکاسی کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں؟’
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ‘لاہور تو پنجاب کا دل ہے، اس کے ساتھ کیا سلوک کیا جا رہا ہے؟’
جسٹس ثاقب نثار کا مزید کہنا تھا کہ ‘حیرانگی کی بات ہے کہ لاہور کی یہ صورتحال ہے تو باقی شہروں کی کیا ہوگی’۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ‘آلودگی کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ کو طلب کر سکتے ہیں تو وزیراعلیٰ پنجاب کو کیوں نہیں؟’ جسٹس ثاقب نثار نے مزید کہا کہ ‘لاہور صوبائی دارالحکومت ہے، یہ تخت لاہور ہے یہاں کیا ہو رہا ہے؟ خادم اعلیٰ سے پوچھ کر بتایا جائے کہ وہ کب پیش ہو سکتے ہیں؟’ تاہم چیف سیکریٹری پنجاب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیراعلیٰ بادشاہی مسجد میں ایک تقریب میں مصروف ہیں اور کل صبح گیارہ بجے عدالت میں پیش ہوں گے۔ سماعت کے بعد سپریم کورٹ لاہور رجسٹری نے چیف سیکریٹری پنجاب کو 7 دن میں صاف پانی کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت کل صبح تک ملتوی کردی۔