عائشہ گلا لائی کی رکنیت ختم کرانے میں عمران خان کو شکست
عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کیلئےعمران خان کی درخواست مسترد
الیکشن کمیشن نے شارٹ آرڈر کے ذریعہ ریفرنس مسترد کیا ہے، تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا: وکیل پی ٹی آئی کا ردعمل
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے عمران خان کا ریفرنس مسترد کر دیا، عائشہ گلالئی رکن قومی اسمبلی برقرار رہیں گی۔ الیکشن کمیشن کے پانچ میں سے تین ارکان نے کپتان کا ریفرنس مسترد کیا۔ واضح رہے عمران خان نے گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس الیکشن کمیشن میں دائر کیا تھا۔ فیصلے کے بعد عائشہ گلالئی کے وکیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے بھی کنٹینر پر قومی اسمبلی سے استعفیٰ کی بات کی تھی، جب وہ استعفیٰ نہیں تھا تو عائشہ گلالئی کا استعفیٰ کیسے ہو سکتا ہے۔ ادھر پی ٹی آئی کے وکیل نے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن نے شارٹ آرڈر کے ذریعہ ریفرنس مسترد کیا ہے، تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ عائشہ گلالئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن نے میرے موقف کے حق میں فیصلہ دیا، اگر میرے خلاف بھی فیصلہ آتا تو اداروں کو دھمکیاں نہ دیتی۔ انہوں نے کہا عمران خان سب کو احتجاج کا درس دیتے ہیں، ملک میں انارکی پھیلانا عوام کو قبول نہیں، عدالتیں انکے خلاف فیصلہ دیں تو وہ دھمکیاں دیتے ہیں۔ باغی کھلاڑی نے عمران خان پر الزام عائد کیا کہ ان کے طالبان سے رابطے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آفتاب شیرپاؤ، اے این پی اور پیپلزپارٹی کے جلسے پر حملہ ہو جاتا ہے اور عمران خان کے جلسے میں پٹاخہ بھی نہیں پھوٹتا۔