بغداد (ملت آن لائن ) عراقی شہر کربلا میں خودکش حملے کے نتیجے میں 23افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ۔عراقی میڈیا کے مطابق کربلا شہر کی مصروف ترین مارکیٹ میں خودکش حملہ کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 23شہری شہید ہو گئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں ۔ دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی۔عراقی میڈیا نے سیکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش حملہ کربلا شہر سے 120کلومیٹر دور عین تامیر کے علاقے میں ہوا جس کے بعد ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ،دھماکے سے مارکیٹ میں موجود متعدد دکانیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔رمضان المبارک کا آج دوسرا جمعہ تھا اور بازار میں رش تھا ، ایک خودکش بمبار کربلا سے مشرقی علاقے مسیاب میں واقع مارکیٹ میں خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئی اور کم ازکم 25 افراد زخمی بھی ہیں۔ بعدازاں عراق اور شام میں سرگرم جنگجو تنظیم داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیموں اور ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر نا شروع کر دیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اس وقت دھماکا ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد نماز جمعہ سے قبل خریداری میں مصروف تھی۔امدادی کارکنوں نے زخمیوں اور لاشوں کوہسپتال منتقل کردیا ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔