سابق کرکٹر اورپاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان طویل انتظار کے بعد پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔
قومی اسمبلی کی نومنتخب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں قومی اسمبلی کے ارکان نے وزارت عظمیٰ کے لیے کھڑے دو امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔
تحریک انصاف اور اتحادیوں کی جانب سے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار کھڑا کیا گیا جبکہ مسلم لیگ ن شہباز شریف کو نامزد کیا۔
اپوزیشن کی دو جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے وزیراعظم کے انتخاب کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔
ووٹنگ سے قبل اسپیکر اسد قیصر نے دونوں امیدواروں کے نام لیکر ایوان کو بتایا کہ ’عمران احمد نیازی‘ اور میاں شہباز شریف وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار ہیں۔ جو ارکان عمران احمد نیازی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں کہ وہ اسپیکر کے دائیں جانب لابی ’اے‘ میں چلے جائیں جبکہ شہباز شریف کو ووٹ دینے کے خواہشمند ارکان اسمبلی اسپیکر کے بائیں جانب لابی ’بی‘ میں تشریف لے جائیں۔
اس کے بعد قومی اسمبلی کے ارکان 3 گروہوں میں تقسیم ہوگئے۔ ایک گروپ عمران خان، دوسرا شہباز شریف کے لیے مختص لابی میں چلا گیا جبکہ تیسرا گروہ غیر جانبدار ہوکر اپنی نشستوں پر بیٹھا رہا۔
تحریک انصاف کے عمران خان نے 176 ارکان کے ووٹ حاصل کئے جبکہ شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے۔ جس کے نتیجے میں عمران خان پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔
عمران 25 نومبر، 1952ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ عمران خان مشہور پشتون قبیلے ’نیازی‘ سے تعلق رکھتے ہیں اس لئے دستاویزات میں ان کا نام بھی عمران احمد نیازی ہے۔ عمران خان نے ابتدائی تعلیم لاہور میں کیتھیڈرل اسکول اور ایچیسن کالج،لاہور سے حاصل کی۔ اس کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے۔ وہاں رائل گرائمراسکول میں تعلیم حاصل کی اور پھرآکسفرڈ یونیورسٹی سے سیاسیات میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ وہ 1974ء میں آکسفرڈ یونیورسٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہے۔
عمران خان نے تعلیم سے فراغت کے بعد کرکٹ میں مقام بنایا اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بن گئے۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے 1992ء میں عالمی کرکٹ کپ جیتا۔