عام انتخابات میں ووٹ کی رازداری ظاہر کرنے پر الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت آج ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نوٹس جاری کیا گیا جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو آج خود یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی۔
پچیس جولائی 2018 کو ہونے والے انتخابات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ووٹ دکھا کر ڈالنے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر عمران خان کی تین حلقوں سے کامیابی کا مشروط نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
انتخابات والے دن اسلام آباد کے حلقہ 53 میں عمران خان نے اپنے دوستوں اور کارکنان کی موجودگی میں سرعام بیلٹ پیپر پرووٹ کاسٹ کیا جو کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی تھی۔
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق ووٹر کو بیلٹ پیپر اور ووٹ کی رازداری کو یقینی بنانا ہوتا ہے بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔