عمران خان کی دعوت پر بھارت کا مثبت جواب، وزراء خارجہ کی ملاقات طے
اسلام آباد: (ملت آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کے خط پر بھارت کا مثبت جواب، دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کی حامی بھر لی، سشما سوراج اور شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کےخط کا بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے مثبت جواب دے دیا، مذاکراتی عمل شروع کرنے کی پیش کش قبول کرتے ہوئے وزرائے خارجہ کی سطح پر ملاقات کی تاریخ طے کر دی، دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملیں گے۔
یاد رہے کہ منصب سنبھالنے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد کا خط لکھا تھا جس کے جواب میں عمران خان نے مبارکباد دینے پر اپنے جوابی خط میں ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے خط کا جواب بھجوایا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی بات کی گئی ہے۔ عمران خان نے پاک بھارت باضابطہ مذاکرات کوجلد شروع کرنے پرزور دیا۔ خط میں کہا گیا کہ اچھا ہو گا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ مل کر بات چیت کا باقاعدہ آغاز کرسکیں۔
عمران خان نے خط میں کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت سرکریک اور سیاچن کے تنازعات کا حل تلاش کرنا ہو گا، پاکستان اور بھارت کو اپنے عوام اور آنے والی نسلوں کی بہتری اور امن کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔