خبرنامہ

عمران خان کی 16 رکنی کابینہ نےحلف اٹھالیا

نومنتخب وزیرِاعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اتحادی جماعتوں کے 16 وفاقی وزراء نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

ایوانِ صدرمیں ہونے والی اس تقریب میں صدرِ مملکت ممنون حسین نے 16 وزراء سے حلف لیا۔

تقریب کے ابتدا میں روایتی اندازمیں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی، جس کے بعد تلاوتِ قرآن پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان بھی موجود تھے، جبکہ پارٹی کے دیگر اراکین سمیت کئی مہمانوں کو اس تقریب کے موقع پر مدعو کیا گیا تھا۔

تقریب حلف برداری کے بعد وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں وزیرِاعظم کے قوم سے خطاب میں اعلانات کے حوالے سے لائحہ عمل پر بات چیت کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ

یاد رہے کہ 18 اگست کو وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنی کابینہ میں 16 وفاقی وزراء اور 5 مشیروں کو شامل کرنے کی منظوری دی تھی۔

نومنتخب وفاقی کابینہ میں تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کے علاوہ مرکز میں اس کی اتحادی جماعتوں کے نمائندوں کو بھی اہم عہدے دیے گئے ہیں۔

عمران خان کی کابینہ میں شاہ محمود قریشی کووفاقی وزیرِخارجہ، اسد عمر وفاقی وزیرِخزانہ و اقتصادی امور، پرویز خٹک وزیرِدفاع اور فواد چوہدری کو وفاقی وزیرِ اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا۔

ڈاکٹر شیریں مزاری کو وفاقی وزیر انسانی حقوق، شفقت محمود کو وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت، غلام سرور خان کو وزیرِ پیٹرولیم، عامر محمود کیانی کو قومی صحت و خدمات، نورالحق قادری کو وفاقی وزیر مذہبی امور کا قلمدان سونپا گیا۔

علاوہ ازیں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے خسروبختیارکووفاقی وزیربرائےآبی وسائل، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو وفاقی وزیرِریلوے اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی فہمیدہ مرزا کو وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ بنایا گیا۔

دیگر اتحادی جماعتوں کی طرح متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو بھی وزارتوں سے نوازا گیا، جس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف کے لیے فروغ نسیم اور وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات کے لیے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح مسلم لیگ (ق) کے چوہدری طارق بشیر چیمہ کو سیفران کا وزیر اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی زبیدہ جلال کو دفاعی پیداوار کا وزیر مقرر کیا گیا۔

وفاقی کابینہ میں 5 مشیروں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں محمد شہزاد ارباب اسٹیبلشمنٹ، عبدالرزاق داؤد کامرس و تجارت اور صنعت و پیداوار اور سرمایہ کاری، ڈاکٹر عشرت حسین انتظامی اصلاحات و کفایت شعاری، امین اسلم مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی اور ڈاکٹر بابر اعوان پارلیمانی امور کا مشیر ہوں گے۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے واضح اکثریت حاصل کرلی تھی جس کے ساتھ ہی وہ مرکز میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی تھی، تاہم اسے سادہ اکثریت حاصل کرنے کے لیے اتحادیوں کی ضرورت تھی، جنہیں ساتھ ملانے کے بعد تحریک انصاف مرکز میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی تھی۔