خبرنامہ

عمران خان 18 اگست کو بطور وزیراعظم حلف اٹھائیں گے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 18 اگست کو وزیراعظم پاکستان کا حلف اٹھائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے حلف اٹھانے کی تاریخ کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، عمران خان 18 اگست کو اپنا حلف اٹھائیں گے۔ عمران خان کے حلف کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جن میں سے 4 حلقوں سے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلایا گیا ہے، اجلاس بلانے کی سمری الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر مملکت کو ارسال کی گئی تھی۔ اجلاس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے، بعد ازاں حروف تہجی کے لحاظ سے ان کے نام پکارے جائیں گے، تاکہ وہ رول آف نمبرز پر دستخط کریں۔ اسی روز اسپیکر اور ڈپٹی اسپکیر کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے اور 13 اگست کو ہی دونوں عہدوں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے، سابق حکمراں جماعت کا دوسرا اور پاکستان پیپلزپارٹی کا تیسرا نمبر ہے۔