عوام مائنس ون فارمولا کامیاب نہیں ہونے دینگے: نواز شریف
لاہور:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ صادق و امین کا فیصلہ کرنے والے ہمیشہ آمروں سے پی سی او کے تحت حلف اٹھاتے رہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ میں پشتونخوا میپ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا عوام سے بہت مضبوط تعلق ہے، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور (ن) لیگ متحد اور نظریاتی رشتے میں منسلک ہیں، محمود خان اچکزئی سے نظریاتی وابستگی اور تعلق ہے، جبکہ میں نظریے سے کبھی دستبردار نہیں ہوتا۔
نواز شریف نے کہا کہ کسی نے ملک میں اندھیرے پیدا کرنے والوں کو پوچھا، چار سال پہلے ہر طرف بلوے، احتجاج ہوتے تھے، ان کا حساب تو لو، احتساب کے نام پر نواز شریف سے انتقام لیتے ہو، چار سال میں کرپشن کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا، ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی، بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا، لہذا نواز شریف صادق و امین نہیں رہا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایک وزیراعظم کو نکالنے کا یہ بھی کوئی فیصلہ تھا، صادق و امین کا فیصلہ کرنے والے ہمیشہ آمروں سے پی سی او کے تحت حلف اٹھاتے رہے، کوئٹہ کے عوام نے اعلان کردیا کہ انہیں یہ فیصلہ منظور نہیں، 6 بہترین ہیرے تلاش کیے گئے اور جے آئی ٹی بنائی، ایک ہی بنچ نے بار بار فیصلے کیے، کبھی دو کبھی تین اور کبھی پانچ ججوں نے، شاید ہی ملکی تاریخ میں کبھی ایسا فیصلہ ہوا ہو۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختون خوا نیا پاکستان کیا بنتا وہ پہلے سے زیادہ خراب ہوگیا، کرکٹر نے کہا تھا کہ لاہور میں شہباز شریف نے جنگلہ بس بنائی ہے، اب خود پشاور میں میٹرو بس بنارہا ہے، کرکٹر خان پشاور میٹرو تک نہ بناسکا، ہم نے اسلام آباد، ملتان اور لاہور بنادی اور اب کوئٹہ میں بھی بنائیں گے، خیبرپختون خوا ہمارے ساتھ ہے اور 2018 میں ناچنے گانے والے فارغ ہوجائیں گے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ آج تک کسی نے پوچھا ان سے جو اندھیرے کر کے چلے گئے ، منتخب وزیراعظم کو کیسے بے دخل کیا جاسکتا ہے، جب مائسن ون کے لیے کوئی بہانہ نہ ملا تو بیٹے سے تنخواہ کے بہانے پر فارغ کردیا، ملک ایسے ہی فیصلوں سے برباد دیتے ہیں، انتشار اور افراتفری پیدا ہوتی ہے اور منزل کھوٹی ہوجاتی ہے، وہ کیا مائنس ون ہوگا جسے عوام پلس ون کردیں، ملک کو اندھیرے میں ڈبونے والوں کو کسی نہیں پکڑا، صادق و امین کا فیصلہ کرنے والوں نے آمروں سے حلف اٹھایا۔ نواز شریف نے خطاب سے قبل بلٹ پروف شیشہ ہٹواتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ سابق وزیراعظم لاہور سے کوئٹہ پہنچے۔ اس ایک روزہ دورے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور پرویز رشید بھی نواز شریف کے ہمراہ ہیں۔