خبرنامہ

فلسطینی ڈٹ گئے، بچوں نے بھی سر پر کفن باندھ لیا

فلسطینی ڈٹ گئے، بچوں نے بھی سر پر کفن باندھ لیا
اسلام آباد(ملت آن لائن)غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی تنظیم حماس نے اسرائیل کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہمعوام سے صیہونی دشمن کے خلاف انتفادہ تحریک شروع کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حماس کے اعلان کے بعد فلسطینی گھروں سے باہر نکل آئے ہیں اور احتجاج شروع کر دیا ہے۔ فلسطینیوں کو احتجاج سے روکنے کیلئے قابض اسرائیلی فوج ان پر پل پڑی اور فلسطینیوں پر بے دریغ ربڑ کی گولیاں، آنسو گیس اور تشدد کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب عالم اسلام میں امریکی صدر کے اعلان کے بعد شدید غم و غصے کے ساتھ بے چینی کی لہر دوڑ چکی ہے اور اہم مسلم ممالک ، ترکی، پاکستان، سعودی عرب، ایران سمیت دیگر ممالک سے شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔ امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیت المقدس عرب اور اسلامی شہر ہے اور یہی اس کی شناخت باقی رہے گی۔ عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے حرمین شریف کے علما کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول اور تیسرا حرم شریف ہے۔ یہ رسول اکرمؐ کی جائے اسرا بھی ہے۔ مسئلہ فلسطین اور بیت المقدس کے حوالے سے سعودی عرب کا اصولی موقف ہے۔ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز سے لے کر خادم حرمین شریف شاہ سلمان بن عبدالعزیز تک مملکت کے تمام فرمانروائوں نے قضیہ قدس کی حمایت کی ہے۔