خبرنامہ

فلسطین کی آزادی پر یکساں موقف رکھتے ہیں:انڈونیشی صدرکا پاکستانی پارلیمنٹ میں‌ خطاب

فلسطین کی آزادی پر یکساں موقف رکھتے ہیں:انڈونیشی صدرکا پاکستانی پارلیمنٹ میں‌ خطاب

اسلام آباد:(ملت آن لائن) قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی انڈونیشیا کی آزادی کی حمایت کی تھی، پاکستان اور انڈونیشیا فلسطین کی آزادی پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انڈونیشی صدر جوکو ویدودو نے پاکستان کے دورے کے موقع پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انڈونیشی صدر جوکوویدودو نے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا فلسطین پر یکساں موقف رکھتے ہیں، دنوں ملکوں کی طرف سے فلسطینی بھائیوں کی جدوجہد کی مکمل حمایت جاری رہے گی۔ انڈونیشی صدر نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈونیشیا سب سے زیادہ آبادی والا مسلم ملک ہے، انڈونیشیا میں بھی دیگر مذاہب کے لوگ بستے ہیں، قائد اعظم نے بھی انڈونیشیا کی آزادی کے لیے ہماری حمایت کی تھی۔ خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈونیشیا آپس میں اتحاد، بھائی چارگی، ہم آہنگی پر یقین رکھتے ہیں اور یہی ہمارا نصب العین ہے۔
یروشلم تنازع، انڈونیشیا کے مسلمانوں کا امریکا کے خلاف بڑا اعلان
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے انڈونیشی صدر کی پاکستان آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر ویدودو کی پارلیمنٹ آمد ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اسپیکر ایاز صادق نے انڈونیشیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انڈونیشی بھائیوں نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ یاد رہے گذشتہ سال انڈونیشی حکام نے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے پاکستانی شہریوں پر عائد ویزا قوانین پر نرمی کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ ویزا پالیسی میں اس نرمی سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان باہمی اور معاشی تعلقات میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے عوام میں راوبط مضبوط ہوں گے۔