’فیصل سبحان کو شہبازشریف کی کرپشن سے متعلق گواہی دینے پر غائب کیا گیا‘
اسلام آباد:(ملت آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہےکہ فیصل سبحان نے ملتان میٹرو میں کرپشن سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف گواہی دی تو اسے غائب کردیا گیا۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اور شہباز شریف دونوں مال بنانے میں لگے ہیں اور احد چیمہ کے لیے یہ اس لیے کھڑے ہوگئے کہ یہ سارے شہبازشریف کے فرنٹ مین ہیں، احد چیمہ کے خلاف 14 ارب کی کرپشن کی تحقیقات ہورہی ہیں۔
عمران خان کا فیصل سبحان کی بازیابی کے لیے تلاش گمشدہ مہم چلانے کا اعلان
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے 9 سالوں میں 9 ہزار ارب روپے خرچ کیے، فیصل سبحان نے ملتان میٹرو میں کرپشن سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف گواہی دی تو اسے غائب کردیا گیا، چین کی ایس ای سی پی کے وفد نے فیصل سبحان کا انٹرویو کیا تھا، فیصل سبحان نے ٹیم کو بتایا کہ ملتان میٹرو کا پیسا شریف خاندان کے پاس جاتا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چھوٹے ڈان شہبازشریف کو ہم نے نہیں چین کی ایس ای سی پی نے پکڑا ہے ، کمپنی کا سی ای او غائب ہوگیا کیونکہ انہوں نے شریف فیملی کے خلاف گواہی دی۔