خبرنامہ

قبائلیوں نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلئے عظیم خدمات دیں،وزیراعظم

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ قبائلیوں نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلئے عظیم خدمات دیں،وقت آگیا ہے کہ محرومیوں کے خاتمے کیلئے قبائلیوں کو قومی دھارے میں لایا جائے،قومی یکجہتی و مضبوطی کیلئے پاکستانیت کا جذبہ ضروری ہے،تعصب سے بالاتر ہوکر پورے ملک کو ترقی کے ثمرات میں شریک کیا جائے،کم ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں پر بھرپور توجہ دینا ہمارا فرض ہے۔جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ قومی وسائل پر آزادکشمیر،گلگت بلتستان اور فاٹا کے عوام کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا ملک کے دوسرے صوبوں اور حصوں میں بسنے والے عوام کا ہے،قومی آمدنی سے آزادکشمیر،گلگت بلتستان اور فاٹا کو بھی ان کے استحقاق کے مطابق حصہ ملنا چاہیے،وفاق اور چاروں صوبوں پر لازم ہے کہ وہ ان عوام کی فلاح و بہبود کو بھی مجموعی ملکی خوشحالی میں شریک کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ قومی یکجہتی اور مضبوطی کیلئے ضروری ہے کہ پاکستانیت کے جزبے کو فروغ دیا جائے اور ہر قسم کے تعصب سے بے نیاز ہو کر ملک کے ہر حصے کو ترقی کے ثمرات میں شریک کیا جائے،ہمارا فرض ہے کہ ہم کم ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں پر زیادہ توجہ دیں تاکہ وہاں کے عوام بھی زندگی کے مختلف شعبوں میں ترقی کرسکیں،پاکستان ہر پاکستانی کا ہے،ہمارا مقصد ہونا چاہیے کہ کسی بھی تمیز کے بغیر ہر پاکستانی کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع دیئے جائیں،اس مقصد کیلئے ہمیں پیچھے رہ جانے والے علاقوں اور عوام پر خاص توجہ دینا ہوگی،قبائلی عوام حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں،ان کی تاریخ پاکستان سے محبت کی تاریخ ہے۔انہوں نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کیلئے بھی عظیم خدمات دی ہیں،وقت آگیا ہے کہ اب انہیں بھی پاکستانیت کے قومی دھارے میں لاکر سال ہا سال سے جاری محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے۔وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات کمیٹی کی سفارشات کی اصولی منظوری دے دی گئی۔۔۔۔(خ م+ط س)