اسلام آباد: کون بنے گا قومی اسمبلی کا اسپیکر؟ پاکستان تحریک انصاف کے اسد قیصر کو کامیابی ملے گی یا اپوزیشن کے سید خورشید شاہ اگلے 5 سال کے لیے اسپیکر کی کرسی سنبھالیں گے، اس کا فیصلہ آج ہوجائے گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کے لیے نامزد قاسم سوری اورمتحدہ اپوزیشن کے سعد محمود کے درمیان بھی کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
قومی اسمبلی میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔
پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔
موجودہ اسپیکرایاز صادق نئے اسپیکرکے انتخاب تک اجلاس کی صدارت کریں گے اور اجلاس شروع ہونے کے بعد ووٹنگ کا عمل شروع ہوجائے گا۔
اس دوران کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
شیڈول کے مطابق ہر ووٹر کو سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے بیلٹ پیپر جاری ہوگا اور امیدوار اپنے 2، 2 پولنگ ایجنٹوں کے نام اسپیکر کو دے سکیں گے۔
جب تمام ووٹرزووٹ ڈال دیں گے تو اسپیکر ووٹنگ ختم ہونے کا اعلان کریں گے اور امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوگی۔
جس کے بعد اسپیکر ایاز صادق نتیجے کا اعلان کریں گے اور کامیاب امیدوار سے حلف لیں گے۔
نو منتخب اسپیکر اسی طریقہ کار کے تحت ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کروائے گا۔
خورشید شاہ اور سیکریٹری قومی اسمبلی کے درمیان دلچسپ مکالمہ
گزشتہ روز جب سیکرٹری قومی اسمبلی نے خورشید شاہ کے کاغذات نامزدگی وصول کیے اس موقع پر دونوں کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔
سیکرٹری قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ آپ کے آنے سے پہلے ہم بلا مقابلہ انتخاب کا طریقہ دیکھ رہے تھے جس پر خورشید شاہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ تو میرے خلاف سازش تھی۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے خورشید شاہ کے تجویز کنندگان میں ان کے دیرینہ دوست سید نوید قمر، رمیش لعل، شازیہ ثوبیہ، مسرت مہیسر اور شاہدہ رحمانی شامل ہیں۔
وزیراعظم کا انتخاب
خیال رہے کہ اسپیکراورڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیراعظم کے انتخاب کا مرحلہ آئے گا۔
اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی 16 اگست دن 2 بجے تک جمع ہوں گے جس کے بعد وزیراعظم کا انتخاب اگلے روز17 اگست کو ہوگا۔
عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت پی ٹی آئی نے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف وزیراعظم کے مشترکہ امیدوار ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھانے کی تاریخ 18 اگست مقرر کی گئی ہے۔