خبرنامہ

لاہور‘مناواں میں مبینہ پولیس مقابلہ‘4زیر حراست اغواکار ہلاک

لاہور(ملت+آئی این پی)مناواں میں مبینہ پولیس مقابلہ میں 4زیر حراست اغواکار ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مناواں میں سی آئی اے پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں چار زیر حراست اغوا کار ہلاک ہوگئے۔ اغوا کاروں نے 25لاکھ تاوان وصول کرنے کے باوجود نوجوان کو قتل کردیا تھا۔سی آئی اے پولیس کے مطابق ملزمان کو اسلحہ کی برآمدگی کیلئے لیکر جایا جارہا تھا کہ ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، تاہم پولیس پارٹی کی جوابی فائرنگ میں چاروں ملزمان مارے گئے۔حکام کے مطابق اغوا کاروں نے کچھ عرصہ قبل سمن آباد سے امان قمر نامی نوجوان کو اغوا کرکے پچیس لاکھ تاوان وصول کیا تھا۔ ملزمان نوجوان کو اغوا کرکے فیصل آباد لے گئے تھے جہاں انہوں نے تاوان ملنے کے باوجود امان قمر کو قتل کردیا تھا۔ملزمان کی شناخت اعجاز،بابر،اعظم اور ستار کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق فیصل آباد سے تھا، جبکہ ملزمان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔