لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) لاہور میں مردم شماری ٹیم کی وین کے قریب خودکش دھماکہ میں پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 6 افراد شہید جبکہ 15 زخمی ہوگئے‘ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 4 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے‘ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور واقعے کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا‘دھماکہ میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں میں عبداللہ، ساجداویس ‘سویلین میں محمد بوٹا، رحمان اور شکیل شامل ‘صدر ممنون‘ وزیر اعظم نواز شریف ‘ عمران خان ‘ آصف زرداری‘ وزیر اعلیٰ پنجاب ‘ وفاقی وزیر داخلہ و دیگر نے واقعہ میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح لاہور کے علاقہ بیدیاں روڈ پر مانانوالہ چوک پر کھڑی وین کے قریب خودکش دھماکہ اس وقت ہوا جب ٹیم اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کے لئے نکلنے لگی ۔ حملے میں مردم شماری ٹیم میں شامل4 جوان سمیت 6 افراد شہید اور15زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے چار شدید زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ارد گرد کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچاجبکہ وین اور اس کے قریب کھڑی گاڑی بھی جل کر خاکستر ہو گئی۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکے میں آٹھ سے دس کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ دھماکے میں بال بیرنگ بھی استعمال کئے گئے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ خودکش حملہ آور کی عمر18 سال سے 24 کے درمیان بتائی جارہی ہے اور اس کے اعضااکٹھے کرلئے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے لاہور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اﷲ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر دھماکہ دہشت گردی کا واقعہ لگتا ہے۔ ہائی الرٹ کے باوجود یہ واقعہ ہوا۔ لاہور شہر ہائی الرٹ پر تھا۔ افغان علاقے ننگر ہار اور کنڑ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندیاں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے مردم شماری کے عمل پر کوئی اثر نہ پڑے۔ دوسری جانبسی ایم ایچ لاہور میں زیر علاج فوجی جوانوں میں ماجد ،ارشاد ، جمیل، دل باز، الطاف اور ارشاد شامل ہیں جبکہ شہید ہونے والوں میں آرمی کے دو جوان عبداللہ، ساجد جبکہ ائیر فورس کے جوان اویس کے جسد خاکی سی ایم ایچ میں موجود ہیں۔جنرل ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے سویلین افراد میں محمد بوٹا، رحمان اور شکیل شامل ہیں جبکہ دھماکے میں زخمی سویلین میں افضل، فیض احمد، محمد فاروق، فرحان، اسلم، عثمان، ارشاد، تہمینہ اور عابد سمیت 14 سالہ رحمان، 30 سالہ شکیل جبکہ 6 ماہ کا احسان شامل ہیں جنہیں جنرل اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہیں اسپتال انتظامیہ کے مطابق چار زخمیوں کی حالت تشویشناک ہیں۔کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے سی ایم ایچ لاہور میں دھماکے میں زخمی فوجی جوانوں کی عیادت کی اور قومی فریضہ انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے فوجی جوانوں کو ضراج عقیدت پیش کیا اس موقع پر کورکمانڈر لاہور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور فورسز پر حملہ کرنے والے بزدل دشمن کو سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑیں گے۔۔۔۔(ن غ)