خبرنامہ

لندن فلیٹس: شریف فیملی کا کوئی فردنیب میں پیش نہ ہوا

قومی احتساب بیورو نے لندن فلیٹس کی تحقیقات کے لئے شریف فیملی کو آج سہ پہر 2 بجے تک طلب کیا تھا تاہم مقررہ وقت گزرجانے کے بعد بھی شریف فیملی کی جانب سے کوئی فرد پیش نہیں ہوا۔

نیب لاہور نے شریف فیملی سے لندن فلیٹ کی خریداری اور اس کے لئے آمدنی ذرائع معلوم کرنے کے لیے گزشتہ روز طلبی کا نوٹس جاری کیا۔

نیب لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن، حسین نواز، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو آج طلب کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی سربراہی میں 6 رکنی ٹیم نیب لاہور میں شریف فیملی کا 2 بجے تک انتظار کرتی رہی لیکن شریف فیملی میں سے کوئی فرد پیش نہ ہوا۔

اس سے قبل بھی سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے علاوہ طارق شفیع کو طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہ ہوئے۔

شریف فیملی کے قریبی حلقوں کا کہنا تھا کہ انہیں طلبی کے حوالے سے کوئی سمن موصول نہیں ہوا۔