خبرنامہ

مائنس نواز فارمولا کسی صورت قبول نہیں، (ن) لیگ میں اتفاق

مائنس نواز فارمولا کسی صورت قبول نہیں، (ن) لیگ میں اتفاق

لندن(ملت آن لائن)مسلم لیگ (ن) کی قیادت لندن میں جمع ہے جہاں میاں نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں اتفاق ہوا ہےکہ مائنس نواز فارمولا کسی صورت قبول نہیں۔

لندن میں مسلم لیگ (ن) کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا جس میں شرکت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی لندن میں موجود ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بھی اجلاس میں شرکت کے لیے لندن میں ہیں جب کہ سابق وزیر اعظم اور خواجہ آصف سعودی عرب سے لندن پہنچے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں اہم وزراء بھی شریک ہوں گے۔

اجلاس سے قبل میاں نوازشریف لندن میں اپنے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر گئے جہاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور میاں شہبازشریف بھی پہنچے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے سیکریٹری فواد حسن فواد نے حسن نواز کے دفتر میں نوازشریف سے ملاقات کی ہے جب کہ یہیں پر نوازشریف اور وزیراعظم کے درمیان اہم ملاقات جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور میاں نوازشریف کے درمیان ملاقات میں نیب ریفرنسز سمیت دیگر امور پر بات چیت کی جارہی ہے۔

نوازشریف سے ملاقات کے لیے پہنچنے پر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی حیثیت نہیں آیا اور یہ کوئی سرکاری دورہ بھی نہیں، نجی دورے پر آیا ہوں۔

ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کے پارٹی اجلاس میں نیب ریفرنسز پر حکمت عملی تشکیل دی جائے گی اور نیب ریفرنس میں نواز شریف کی 3 نومبر کو پیشی کا انحصار اجلاس کےفیصلے پر ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں موجودہ حکومت کو درپیش مختلف چیلنجز، شاہد خاقان عباسی اور شہبازشریف کی ملاقاتوں پر بھی بات ہوگی اور میاں نوازشریف کو ان تمام چیزوں سے آگاہ کیا جائے گا جب کہ اجلاس میں پاکستان میں پارٹی امور چلانے اور سیاسی معاملات پر بھی لائحہ عمل بنایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ میاں نوازشریف نے نیب ریفرنس میں 3 نومبر کو پیشی کے لیے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ جمعرات کے روز وطن واپس پہنچ جائیں گے۔

اس سے قبل لندن پہنچنے پر ہیتھرو ایئرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ان کے پاس قبل از وقت انتخابات کی کوئی تجویز نہیں آئی جب کہ ٹیکنوکریٹ حکومت سے متعلق کوئی چیز آئین میں نہیں دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور حکومت چل رہے ہیں، کونسپریسی تھیوری پر یقین نہیں کرتا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی ٹکراؤ نہیں، امریکیوں کے سامنے سب ایک ساتھ بیٹھے تھے، سب مل کر یکجہتی سے کام کررہے ہیں۔

اتوار کے روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قومی ایئرلائن کی پرواز PK-785 سے غیر اعلانیہ دورے پر لندن گئے جب کہ شہباز شریف بھی اتوار کو ایک غیر ملکی ایئر لائن سے لندن روانہ ہوگئے۔
Advertisement