لاہور (ملت + آئی این پی) وزیر اعظم نوازشر یف نے کہا ہے کہ جمہو ریت کے تسلسل سے ہی ادارے مضبوط ہوتے ہیں ‘بدقسمتی سے ماضی میں خستہ حال سڑکوں کی طرح ہمارے قومی ادارے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار رہے اداروں کی ترقی و اصلاحات کے لئے کوئی کام نہیں کیا ‘ہماری ترجیحات میں شامل ہے اداروں بہتر بنا کر قومی ترقی کی راہ ہموار کی جائے‘ اداروں کو بہتر بنانے اور جدید یت لانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی وقت کی ضرورت ہے ‘ ادارے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے ملکی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے‘ پاکستان سپر لیگ فائنل کے انعقاد پر پوری قوم ایک طرف جبکہ چند لوگ دوسری طرف تھے ‘شہباز شریف کو بہت سی اندرونی مخالفتوں کے باجود ایونٹ کو کامیاب کرانے پر مبارکباد دیتا ہوں ،ملکی ترقی کے لئے بہتر اور معیاری اداروں کی اہمیت ناگزیر ہے‘ محکمہ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ہو گا خواہش ہے پولیس نظام میں اصلاحات لائی جائیں تاکہ عوام کو تھانوں میں کوئی مشکلات پیش نہ آئے۔وہ ہفتے کے روز لاہور میں سنٹر ل پنجاب پولیس آفس میں ڈیجیٹل سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر گور نر پنجاب محمد رفیق رجوانہ ‘وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شر یف ‘سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق ‘صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان ‘آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سمیت اعلی پولیس افسران ‘وفاقی وصوبائی وزراء ‘اراکین قومی وصوبائی اسمبلی بھی موجود تھے وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ تقریب میں پولیس شہداء کے لواحقین کی موجودگی پر خوشی ہوئی کیونکہ شہداء پورے قوم کے محسن اور ہمارے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں سے ملک امن کا گہوارہ بنتا جارہا ہے ، شہیدوں کے بیٹے میرے اور پوری قوم کے بیٹے ہیں ، ہم ان کیساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سمیت منتخب اراکین کو ہدایت کی کہ وہ شہداء کے لواحقین کی ضروریات کا خیال رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر نجم سیٹھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ‘پولیس،رینجرز ،پولیس،افواج پاکستان ،انتظامیہ کو پی ایس ایل کو کامیاب بنانے پر مبارکبار پیش کرتا ہوں‘شہباز شریف کو بہت سی مخالفتوں جو کہ اندر سے ہوتی رہی ہیں کہ باجود یہ ایونٹ کو کامیاب کرانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب میں پولیس کے ڈیجیٹل سسٹم کے اجراء پر شہبازشریف اور آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور خواہش مند ہوں کہ تعطل کے بغیر ملک میں اداروں میں اصلاحات لائی جائے ، بدقسمتی سے ماضی میں خستہ حال سڑکوں کی طرح ہمارے قومی ادارے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار رہے اور اداروں کی ترقی و اصلاحات کے لئے کوئی کام نہیں کیا گیا لیکن ملکی ترقی کے لئے بہتر اور معیاری اداروں کی اہمیت ناگزیر ہے اور ہماری ترجیحات میں شامل ہے کہ اداروں بہتر بنا کر قومی ترقی کی راہ ہموار کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ اداروں کو بہتر بنانے اور جدید یت لانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی وقت کی ضرورت ہے ، ادارے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے ملکی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔وزیراعظم نے کہاکہ انصاف ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اسے بغیر کسی رکاوٹ کے سستا انصاف ملنا چاہیے ملک کے انصاف کے نظام میں پولیس کے محکمے کو انتہائی اہمیت حاصل ہے عام تاثر یہ ہے کہ مظلوموں کے ساتھ تھانوں میں ظلم ہوتا ہے اور پولیس ان پر جبر کرتی ہے لیکن ہماری ترجیح ہے کہ عوام کو ایماندار ، خوش اخلاق اور چوکس پولیس دینے سمیت مظلوموں کی پناہ گاہوں کی طرح پولیس تھانے دیں۔انہوں نے کہاکہ پولیس سٹیشن کا کردار عوام دوست ہونا چاہیے تاکہ عوام کو انصاف لینے میں پولیس اور تھانوں سے رجوع کر نے میں کوئی مشکل درپیش نہ ہو اور یہ اسی صورت ہوسکتا ہے جب ذاتی مفاد کی بجائے قومی مفاد کو ترجیح دی جائے ، بحیثیت پاکستانی ہم سب کو ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر قربان کر دینا چاہیے تاکہ حقیقی معنوں میں قوم کی خدمت ہو سکے ہم مانتے ہیں کہ ہمارا انصاف کا نظام کمزور ہے اور اس میں کئی خرابیاں ہیں اور اس حوالے سے عوام کی شکایتیں بے جا نہیں ہیں ، دیکھنے میں آیا ہے کہ ملزم پکڑے جاتے ہیں لیکن عدالتوں سے ان کو سزائیں نہیں ملتیں ، اس کی کئی وجوہات ہیں جن میں پولیس کی تفتیش بھی ایک اہم وجہ ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ تفتیش کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ اعلیٰ افسران اہلکاروں کو پیشہ وارانہ تربیت دینے کا اہتمام کریں تاکہ انصاف کا نظام ثمر آور اور مفید ثابت ہو۔