متحدہ ‘متحد’ نہ ہو سکی، کامران ٹیسوری کے نام پر ڈیڈ لاک برقرار
کراچی: (ملت آن لائن) خواجہ اظہار، رؤف صدیقی سمیت تین رکنی ثالثی کمیٹی کی کوششیں بھی رائیگاں گئیں، کامران ٹیسوری کے نام پر متحدہ میں شروع ہونے والا اختلاف ختم نہ ہوسکا۔ رابطہ کمیٹی نے الگ پریس کانفرنس کر کے چار ارکان کے نام سینیٹ امیدواروں کے طور پر منتخب کر لیے۔
فاروق ستار کی پریس کانفرنس
پی آئی بی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میرے ساتھیوں کو آج نہیں تو کل غلطی کا احساس ہو گا۔ ثالثی ارکان سے کہا کہ انہیں پریس کانفرنس سے روکیں، فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کے کروڑوں حامی اور ووٹرز کئی روز سے ذہنی اضطراب کا سکار ہیں، گھر کی لڑائی اور اختلافات گھر میں ہی رہتے تو اچھا تھا، یوں چوراہے پر لانا عقلمندی اور دانشمندی نہیں ہے۔ فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی کے رویے سے آج بہت افسوس ہوا، فیصل سبزواری نے بہت کڑوی باتیں کیں، انکی باتوں سے مجھے صدمہ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل سبزواری کے لہجے میں غصہ جبکہ میرے لہجے میں صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاروق بھائی کہہ دینے سے احترام کا تقاضا پورا نہیں ہوتا، میں بہادر آباد جا رہا تھا پھر کیوں اتنی جلدی کی گئی، یہ مسئلہ پریس کانفرنس اور پبلک میں جانے کے بغیر حل ہوسکتا ہے۔
فیصل سبزواری کی میڈیا سے گفتگو
اس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل سبز واری کا کہنا تھا کہ ہم نوٹوں کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں، سندھ میں سینیٹ کی نشستوں کی بولی لگتی ہے، سینیٹ کی نشست کےلیے لوگ 25، 25 کروڑ دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کی بلند و بالا فصیلے پر نقب زنی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم عدم تشدد کی سیاست کی بات کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم تین دن سے یہاں موجود ہیں، مزید چار روز بھی بیٹھ سکتے ہیں۔ ایم کیو ایم پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ایم کیو ایم ایک روایت شکن جماعت ہے، ایم کیوایم کارکنوں کو مایوسی سے بچانا ہے۔ انہوں نے کہا ایک شخص کو سینیٹ بھیجنے کی ضد کی جا رہی ہے، کنوینر اور ڈپٹی کو صوابدیدی اختیارات حاصل نہیں۔ ان کا کہنا تھا پارٹی آئین کے تحت رابطہ کمیٹی سادہ اکثریت سے فیصلہ کرسکتی ہے، فاروق ستار کی باتیں کامران ٹیسوری کے گرد گھومتی ہیں، کامران ٹیسوری کی فرمائش ماننے سے انکار کرتے ہیں۔
عامر خان کی فاروق ستار سے گزارش
دوسری جانب بہادر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ فاروق ستار بھائی سے گزارش ہے کہ بہادر آباد آجائیں، ہم فاروق ستار کی مشاورت سے فیصلہ کرنا چاہتے ہیں، ہم نے ناموں کا اعلان بحالت مجبوری کیا تھا، فاروق ستار یہاں آئیں اور قوم کو اس کرب سے نجات دلائیں۔