خبرنامہ

مردان یونیورسٹی واقعے پر افسردہ ہوں، مجرموں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی

اسلام آباد(ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعظم نوازشریف نے مردان یونیورسٹی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ مردان یونیورسٹی میں بے حس ہجوم کی طرف سے طالب علم کے قتل پر بہت دکھ ہوا ، پوری قوم کواس واقعے کی مذمت کرنی چاہی،قانون ہاتھ میں لینے والوں کیساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ہفتہ کو وزیراعظم نوازشریف نے مردان یونیورسٹی میں مشتعل افراد کے ہاتھوں طالب علم کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے کہاکہ مردان یونیورسٹی میں بے حس ہجوم کی طرف سے طالب علم کے قتل پر بہت دکھ ہوا ،قانون ہاتھ میں لینے والوں کیساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے،واقعے میں ملوث افرادکوگرفتارکیاجائے۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کواس واقعے کی مذمت کرنی چاہیے،مجرموں کوباورکرایاجائے کہ ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائیگی۔انھوں نے کہاکہ قوم برداشت اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کرے ،کوئی باپ اس خوف سے اپنے بچے کو تعلیم سے محروم نہ کرے کہ اس کی لاش واپس آئے گی ۔ریاست قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی ۔واضح رہے کہ مردان میں عبدالولی خان یونیورسٹی میں مشتعل افراد نے طالبعلم مشال خان کو تشدد کرکے قتل کردیا تھا۔