خبرنامہ

مریم ، صفدر احتساب عدالت میں، فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان

مریم ، صفدر احتساب عدالت میں، فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیٹی مریم نواز اورداماد کیپٹن (ر) صفدراحتساب عدالت میں پیش ہوگئے جہاں ان پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ریفرنسوں کی سماعت احتساب عدالت میں جاری ہے جہاں نواز شریف، ان کی بیٹی اور داماد پر نیب ریفرنسز میں فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

مریم نوازاورکیپٹن ریٹائرڈ صفدر پرلندن فلیٹس ریفرنس میں فرد جرم عائد کی جائے گی جب کہ نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف لندن فلیٹس، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنسز دائر کیے گئے ہیں۔ سابق وزیر اعظم اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی علالت کے باعث لندن میں موجود ہیں، نیب قوانین کی شق 17 (سی) کے مطابق ان کی عدم موجودگی کے باوجود بھی ان پر فرد جرم عائد کی جاسکتی ہے۔
Advertisement
Ad

سماعت کے آغاز میں شریف خاندان کے وکلاء کی جانب سے فرد جرم کی کارروائی روکنے کی استدعا کی گئی، استدعا میں کہا گیا کہ والیم 10 اورتین گواہان کے بیانات کی کاپیاں فراہم کرنے تک فرد جرم روکی جائے، قانون کے مطابق ایف آئی آر اور بیانات کی کاپیاں فراہم کرنا ضروری ہے، جس پر فردجرم کی کارروائی روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: نیب ریفرنسز، ہنگامے کے باعث نواز شریف،مریم اور صفدر پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ والیم 10 میں بیرون ملک تحقیقات کی تفصیلات ہیں، تحقیقات مکمل ہوں گی تو کاپیاں فراہم کریں گے، جاوید کیانی کے خلاف شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جاوید کیانی نے جعلی غیرملکی اکاؤنٹس کھولے اور رقوم منتقل کیں، سعید احمد نے بھی غیر ملکی اکاؤنٹس منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کئے، اسلا م آباد ہائی کورٹ فردجرم عائد کرنے کی درخواست مسترد کر چکی ہے، آج بھی ملزمان چاہ رہے ہیں کہ فرد جرم عائد نہ ہو جس پر وکیل کیپٹن صفدر امجد جاوید نے کہا کہ نیب آرڈنینس کے تحت ملزمان کو تمام دستاویزات کی کاپیاں فراہم کرنا ضروری ہے۔

پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جب کہ پولیس، اسپیشل برانچ اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے احتساب عدالت میں ہنگامہ آرائی کے باعث نیب ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی تھی جب کہ سماعت بھی ملتوی کردی گئی تھی۔