مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل نہ کرایا گیا تو لوگ اقوام متحدہ پر اعتماد کھودیں گے: ملیحہ لودھی
امریکا:(ملت آن لائن)اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ اگر مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین حل نہ کرایا گیا تو لوگ اقوام متحدہ پر اعتماد کھودیں گے۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر مباحثے کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے پاکستانی مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے، دوسری صورت میں پوری دنیا کے لوگوں کا اقوام متحدہ پر سے اعتماد ختم ہوجائے گا ملیحہ لودھی نے کشمیر، فلسطین یا دنیا میں کہیں بھی غیر ملکی تسلط کے زیر اثر زندگی بسر کرنے والے مظلوم انسانوں کی مسلسل حمایت کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
کشمیراور فلسطین دنیا کے سامنے ناانصافی کی بدترین مثالیں ہیں، ملیحہ لودھی
عالمی منظرنامے پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ تنازعات میں شدت آرہی ہے اور نئے خطرات سامنے آرہے ہیں۔ دوسری جانب مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کے لیے آگے بڑھے، ساتھ ہی انہوں نے سب سےبڑے ڈونر یعنی امریکا کی جانب سے فلسطینیوں کی امداد میں کٹوتی پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ کچھ ممالک کی جانب سے اپنے سفارت خانوں کی یروشلم منتقلی کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ اس سے مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی کی صورتحال مزید خراب ہوئی۔ مباحثے کے دوران پاکستانی مندوب نے یمن اور شام کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔