اسلام آباد(ملت آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی ملک کے 18ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔شاہد خاقان عباسی کو عارضی طور پر وزارت عظمیٰ سونپی گئی ہے۔
نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) نے نئے وزیر اعظم کے لیے شاہد خاقان عباسی کو نامزد کیا تھا ،ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار نوید قمر، پی ٹی آئی، عوامی مسلم لیگ اور مسلم لیگ (ق) کے شیخ رشید اور جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ تھے۔ قومی اسمبلی میں ووٹنگ کے دوران 342 ارکان کے ایوان میں شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوگئے ہیں جب کہ نوید قمر کو 47 ، شیخ رشید کو 33، اور طارق اللہ 4 کو ووٹ ملے۔
قائد ایوان منتخب ہونے والے شاہد خاقان عباسی کو مسلم لیگ (ن) کے علاوہ ایم کیو ایم، جے یو آئی (ف)، نیشنل پارٹی، پشتون خوا ملی عوامی پارٹی اور مسلم لیگ ضیا کے ارکان نے بھی ووٹ دیئے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد شہباز شریف کو وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن وہ اس وقت رکن قومی اسمبلی نہیں ۔ اس لیے ان کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے تک شاہد خاقان عباسی کو عارضی طور پر وزارت عظمیٰ سونپی گئی ہے۔