خبرنامہ

ہم نے کبھی کرپشن کی اور نہ اس کی حوصلہ افزائی،مشرف کی یونیفارم نہ اترواتے تو وہ آج تک بیٹھے ہوتے، بی بی کو وزیراعظم ہاؤس سے 2 مرتبہ نکالاگیا لیکن کوئی ریلی نہیں نکالی،ابھی ان کی اور میری جنگ شروع نہیں ہوئی، آصف زرداری

اسلام آباد(ملت آن لائن) پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہاہے کہ اگر مشرف کی یونیفارم نہ اترواتے تو وہ آج تک بیٹھے ہوتے۔وزیراعظم ہاؤس سے بی بی کو 2 مرتبہ نکالاگیا لیکن کوئی ریلی نہیں نکالی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہمارے ہر کیس کی چار سے پانچ سو پیشیاں ہیں، ہمیں پتا تھا کہ ہم پر سیاسی کیسز بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غلام اسحاق خان کے دور میں مجھ پر 12کیسز بنائے گئے، مجھے ایم پی او کے تحت بند کیا گیا، دیگر کیسز میں قید میں رکھا گیا لیکن میں نے اپنے سب کیسز جیل میں بیٹھ کر لڑے۔

آصف زرداری نے کہا کہ مرتضیٰ بھٹو کو شہید کرکے بے نظیر کی حکومت کو گرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف کیسز لمبے عرصے کیلیے چلائے گئے، انہوں نے سوچا کیس نہیں چلائیں گے تو نوکری چلی جائے گی، انہوں نے جتنے کیسز مجھ پر بنائے میں جیت گیا۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ کوئی کلرک بھی اختیارات واپس نہیں دیتا، میں 5 سال صدر رہا میرے پاس تمام پاورز تھے، میں نے رضاکارانہ طور پر تمام اختیارات واپس کیے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا اپنا ایک مائنڈ سیٹ ہے، نیب غریبوں کو اٹھاکر بلیک میل کرکے پیسے لے کر چھوڑدیتا ہے۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی انتقامی کارروائی نہیں کی، ہمارے دور میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا، ایسا اس لیے کیا کہ کہہ سکوں میرے دور میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس سے بی بی کو 2 مرتبہ نکالاگیا لیکن کوئی ریلی نہیں نکالی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی کرپشن کی اور نہ اس کی حوصلہ افزائی کی، یہ نہیں کہتا کہ معاشرہ بہت صاف ہے یا ہو سکتا ہے مگر ہم نے ہمیشہ کوشش کی۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین نے نوازشریف کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ان کی اور میری جنگ شروع نہیں ہوئی، ابھی میں ان سے ناراض نہیں ہوا، ابھی تک ان کی مدد کررہا ہوں اور میں نے ان کی حکومت بچائی، جسٹس کھوسہ نے جو بات ان کے لیے جو کہہ دیا وہ بہت ہے۔