خبرنامہ

مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کیخلاف امرتسر، کولکتہ اور نئی دلی میں مظاہرے

امرتسر (اے پی پی)سکھ تنظیم سمرن اکالی دل کے یوتھ ونگ’ یوتھ اکالی دل امرتسر‘ نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے مظاہرین کے قتل کے خلاف آنند پور امرتسر میں میں ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پارٹی کے سیکرٹری پل پریت سنگھ نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا ہے کہ مظاہرین نے اس موقع پر پلے کارڑز اوربینرز اٹھا رکھے تھے جن میں ’’ مقبوضہ وادی میں بے گناہوں کا قتل فوری طور پر بند کرو‘‘، ’’ جانورو کے ساتھ بھی وہ سلوک نہیں کیا جا ہے جو کشمیریوں کے ساتھ ہو رہا ہے ، ’’ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرو‘‘ اور اس طرح کے دیگر نعرے درج تھے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ اکالی دل امرتسر نہتے کشمیریوں کے درد کو اچھی طرح سے محسوس کر رہی ہے اور بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی، محمد مقبول بٹ، محمد افضل گورو اور دیگر دہشت گرد نہیں بلکہ آزادی کی جنگ لڑنے والے تھے جنہوں نے اپنی جانیں کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو ختم کرنے کے لیے نچھاور کیں۔دریں اثنا کولکہ میں بھی طلباء اور انسانی حقوق کے کارکن کشمیریوں کے قتل کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی۔انہوں نے پلے کارڑز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر کشمیرمیں بھارتی جبر و استبداد کے خلاف نعرے درج تھے۔بھارتی دارلحکومت نئی دلی میں بھی زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے قتل کیخلاف مظاہرے کیے۔

Back to Conversion Tool

Urdu Home