خبرنامہ

ملک بھر میں‌ یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں‌ یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

لاہور (ملت آن لائن) حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہُ اور ان کے رفقاء کی بے مثال قربانی کی یاد میں ملک بھر میں ماتمی جلوس برآمد کئے جا رہے ہیں۔ جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں جو شام کو اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے۔یوم عاشور پر شہر شہرعلم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو نمائش سے ہوتا ہوا تبت سینٹر پہنچا جہاں نماز ظہرین ادا کی گئی نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد جلوس حسینیان ایرانیان کھادر کی جانب گامزن ہے۔


لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا، رنگ محل میں نماز ظہرین ادا کی گئی، نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد جلوس شام کو کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ راولپنڈی میں یوم عاشور کامرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوا، فیصل آباد میں بھی یوم عاشور کا مرکزی جلوس عزا خانہ شبیر سے نکلا۔


ملتان میں ہیرا حیدریہ سے برآمد ہونے والا علم اور ذوالجناح کا جلوس روایتی راستوں کی جانب گامزن ہے۔ پشاور میں دسویں محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس ذوالجناح امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی سے برآمد ہوا۔ کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پنجابی عملدرآمد روڈ سے برآمد ہوا، باچا خان چوک پر نماز ظہرین ادا کی گئی۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی 10 ویں محرام الحرام کے جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔