خبرنامہ

ملک میں مذہب اورسیاست کے نام پر نوجوانوں کو برباد کرنیوالوں کی کمی نہیں، وزیر اعظم

کراچی حیدرآباد ایم نائن موٹروے سیکشن ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تعمیر وطن کے سفر میں آج ایک نیاسنگ میل عبور کرنے جارہے ہیں، کراچی حیدر آباد موٹر وے کا افتتاح بھی اس سلسلے کی کڑی ہے، راستہ مشکل ہو تو منزل تک رسائی بھی مشکل ہوجاتی ہے، اس لیے منزل تک پہنچنا ہے تو پہلے راستوں کو آسان بنانا ہو گا، فاصلے کم ہوتے ہیں تو لوگ قریب آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے فاصلے کم ہوں گے اور تجارتی فاصلے رواں دواں ہوں گے، کراچی حیدرآباد موٹروے پر 60 فیصد تک کام مکمل ہوچکا ہے اور باقی کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آج لوگ اپنی آنکھوں سے ایک نیا پاکستان تعمیر ہوتا دیکھ رہے ہیں، موٹر وے اور میٹرو اب خیالی باتیں نہیں رہیں، ہم نے اس خواب کو تعبیر دی ہے، یہ وہ وعدے ہیں جوہم نے 2013 میں کیے تھے جن کو پورا کررہے ہیں اور 2018 تک تمام وعدے پورے کریں گے۔ ملک میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو اپنے مفاد کے لیے کبھی مذہب اور کبھی سیاست کے نام پر نوجوانوں میں ہیجان پیدا کرتے ہیں، ان کے اخلاق کو برباد کرنے کی کوشش کرتے ہیں، عوام جانتے ہیں کہ یہ لوگ نوجوانوں اور قوم سے مخلص نہیں ہیں لہذا ہمیں اپنی نئی نسل کو ایسے لوگوں سے بچانا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تعمیر ایک وژن کا تقاضا کرتی ہے، قوم کی تعمیر کھیل نہیں اس کے لیے وژن، جذبہ اور عوام سے محبت ضروری ہے اور اسی کے تحت ہم نے 3 سال پہلے تعمیر پاکستان کے سفر کا آغاز کیا تھا۔