خبرنامہ

ملک ڈیفالٹ کر جاتا تو قیامت تک میرے ماتھے پرکالا دھبہ ہوتا: وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہےکہ اگر خدا نہ نخواستہ ملک ڈیفالٹ کر جاتا تو قیامت تک میرے ماتھے پرکالا دھبہ ہوتا اور قبر پر کتبہ لگتا کہ اس کے زمانے میں پاکستان ڈیفالٹ ہوا۔ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنےکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پندرہ، سولہ ماہ کی قلیل مدت میں ہمیں تاریخ کے مشکل ترین چیلنجز ورثے میں ملے، جب حلف اٹھایا تو مجھے احساس تھا کہ حالات خراب ہیں لیکن اتنے خراب ہیں اندازہ نہیں تھا، اقتدار سنبھالا تو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا، ملک بھر میں 3کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مخلوط حکومت کے ساتھ مل کر ایک سو ارب سےزائد فنڈز سیلاب متاثرین کے لیے مختص کیے، بدقسمتی سے آج بھی سیلاب زدگان کا حق ادا نہیں ہوا، ایک طرف سیلاب، دوسری طرف مہنگا تیل، ایک طرف مہنگائی اور آئی ایم ایف کا وہ معاہدہ جو پچھلی حکومت نے توڑا، تمام مشکلات کے باوجود میں نے ہمت نہیں ہاری۔