مکۃ المکرمہ(آن لائن)فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں مسلمان عظیم اجتماعی عبادت حج کے لیے جمع ہیں اور منیٰ میں پہنچ گئے ہیں۔
آج 8 ذى الحج مناسکِ حج کا پہلا دن ہے، عازمین غسل کرکے اور احرام باندھ کر حج كی نيت کر کے تلبيہ كہتے ہوئے منیٰ روانہ ہوئے جہاں وہ رات بسر كریں گے، عازمین ظہر، عصر، مغرب، عشاء اور فجر کی نماز منیٰ میں ادا كریں گے۔۔
9 ذی الحج كا سورج طلوع ہونے كے بعد عازمین عرفات روانہ ہوں گے وہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کیا جائے گا جس کے بعد حجاج ظہر اور عصر كی نمازيں قصر كر كے ادا كریں گے۔
حجاج کرام سورج غروب ہونے تک اللہ تعالی كا ذكر اور دعاواستغفار میں مصروف رہیں گے اور سورج غروب ہونے کے بعد مزدلفہ روانہ ہوں گے، مغرب اورعشاء کی نمازيں مزدلفہ پہنچ كر ادا كریں گے اور پھر نماز فجر تک وہيں رات بسر كریں گے۔
10 ذی الحج کو نماز فجر كے بعد سورج طلوع ہونے تک حجاج ذکرالہیٰ اور دعا میں مصروف رہیں گے اور پھرشیطان كو كنكرياں مارنے جائیں گے۔
رمی کے بعد قربانی کی جائے گی جس کے بعد مرد اپنا سر منڈائیں گے اور خواتین اپنے تھوڑے سے بال كٹوائیں گی پھر حجاج طواف زیارت كے ليے مكہ روانہ ہوں گے۔
حجاج منیٰ واپس آکر وہاں گيارہ، بارہ ذی الحج كی راتيں گزاریں گے اورہر دن زوال كے بعد تينوں جمرات كو كنكرياں ماری جائیں گی۔
12 تاريخ كو تینوں شیاطین کو كنكرياں مارنے کے بعد جلد چاہیں توغروب آفتاب سے قبل منٰی سے نكلنا ہوگا اور تاخيرچاہیں تو 13 تاريخ كی رات منٰی ميں بسر کی جائے گی۔ حجاج اپنے وطن روانہ ہونے سے قبل طواف وداع کریں گے۔