خبرنامہ

منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

کراچی: بینکنگ کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کے کیس میں سابق صدرآصف زرداری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

کراچی کی بینکنگ عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں دو ملزمان انورمجید اورعبدالغنی مجید کوعدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا پر دونوں ملزمان کو 24 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے آصف زرداری سمیت کیس میں نامزد دیگر15 مفرورملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظورکرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگرمفرورملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے جب کہ عدالت نے تمام ملزمان کو 4 ستمبر تک گرفتار کرنے کا حکم دیاہے۔

بینکنگ کورٹ نے جن مفرورملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ان میں نمر مجید، اسلم مسعود، عارف خان، نصیرعبداللہ حسین لوتھا، عدنان جاوید، محمد عمیر، اقبال آرائیں، اعظم وزیر خان، زین ملک، مصطفی ذوالقرنین اور دیگر شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر اور سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی تردید کرتے ہوئے میڈیا پر چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

واضح رہےکہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کے کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور بھی نامزد ہیں جب کہ نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی اور طحہٰ رضا جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، اس کے علاوہ فریال تالپور سمیت کیس کے 4 ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت لے رکھی ہے، ایف آئی اے نے کیس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت 20 ملزمان کو مفرور قرار دیا ہے۔