مودی حکومت کبھی مسئلہ کشمیر حل نہیں کرے گی، عمران خان
اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیر کے تنازع کا پر امن حل ضروری ہے مگر مودی حکومت کبھی مسئلہ کشمیر حل نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ میں آل پارٹیز پارلیمنٹیرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہئے، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری ہے جسے روکنا ہوگا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان میں منی لانڈرنگ ایک بڑا مسئلہ ہے، پاکستان میں ادارے تباہ کرکے کرپشن کی راہ ہموار کی گئی، شریف خاندان نے ملک کا پیسہ لوٹ کر اپنی جائیداد بنائی، ملک جس صورتحال سے گزر رہا ہے اس کے ذمہ دار کرپٹ حکمران ہیں۔ عمران خان نے کہا امریکا نے نائن الیون کے بعد افغانستان پر حملہ کیا، پاکستان نے افغان جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کیا، افغان جنگ سے پاکستان کو 100 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے، افغان جنگ سے 70 ہزار جانیں ضائع ہوئیں، قبائلی عوام متاثر ہوئے، پاکستانی فورسز نے قبائلی علاقوں میں کنٹرول حاصل کیا۔
گزشتہ رات تقریباً 15 کروڑ کے عطیات اکٹھا کرنے پر شکرگزارہوں، عمران خان
واضح رہے کہ گزشتہ روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ برطانیہ دورے کا بنیادی مقصد نمل یونیورسٹی کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا ہے، پاکستان کے حالات ایسے ہیں کہ ملک سے زیادہ دیر باہر نہیں رہ سکتا ہوں۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 29 اپریل کو لاہور میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں، جلسے کے بعد ملک میں تیزی سے تبدیلی آئے گی، ہم نے ایک دن رائے ونڈ میں جلسہ کیا تھا جس کی گونج ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ کی صورت میں اب بھی سنائی دے رہی ہے۔