مودی کا عمران خان کو فون، پاکستان کیساتھ نئے دور کے آغاز پر تیار
نئی دہلی: (ملت آن لائن) عام انتخابات میں جیت پر نریندر مودی کی عمران خان کو مبارکباد، کہا کہ ہم پاکستان کیساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں۔ عمران خان نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ مودی نے عمران خان کے لیے نیک تمناؤں اور خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کیساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں۔ معاملات آگے بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
عمران خان نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کی تدبیر کی جانی چاہئیے۔ جنگیں اور خونریزی سے تنازعات کے حل کی بجائے المیے جنم لیتے ہیں، دونوں ممالک کے عوام کو غربت کے بے رحم شکنجے سے نکالنے کیلئے حکومتوں کو مشترکہ تدابیر کرنا ہوں گی۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں برتری حاصل کرنے کے بعد عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں خارجہ پالیسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ فارن پالیسی بہت بڑا چیلنج ہے، ہم تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ بھارت سے تعلقات کے حوالے سے کپتان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی ہوں جس نے پورا بھارت دیکھا ہے، پاک بھارت تعلقات بہتری سے برصغیر کی بہتری ہوگی۔ پاکستان اور بھارت کو تجارت کرنی چاہیے دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا۔ ہمارے درمیان کور ایشو کشمیر ہے، اگربھارت کی لیڈر شپ تیارہے تو ہم بھی تیار ہیں۔ بھارت ایک قدم ہماری طرف آیا تو ہم دو قدم جائیں گے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستی ہونی چاہیے، مسائل ڈائیلاگ سے حل ہونے چاہیں۔