خبرنامہ

مینارِ پاکستان جلسے میں مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا، عمران خان

مینارِ پاکستان

مینارِ پاکستان جلسے میں مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا، عمران خان

لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے میں 10 اہم نکات کا اعلان کیا جائے گا اور اس جلسے میں مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سیکیورٹی معاملات میں دوسرے اداروں کی مشاورت بھی ضروری ہوتی ہے، خارجہ پالیسی سویلین کے دائرہ اختیار میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف اورمسلم لیگ ن کے درمیان مقابلہ ہوگا، پہلے ہمارے پاس جیتنے والے امیدوار نہیں تھے لیکن اب ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کرپٹ ٹولے کے سربراہ ہیں، موجودہ عدلیہ اچھا کام کررہی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ فاٹا اور کے پی کے کا انضمام ضروری ہے لیکن انضمام میں مولانا فضل الرحمان اور محمود اچکزئی رکاوٹ ہیں۔ بھارت سے مذاکرات کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ مودی کی ذہنیت ایسی نہیں ہے کہ مذاکرات ہوں، مودی سے کہا تھا کہ چاہے کچھ بھی ہو مذاکرات کا راستہ بند نہیں ہوناچاہیے۔
جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری
مینار پاکستان پر پی ٹی آئی کے کل ہونےوالے جلسے کی تیاریاں زور و شور سےجاری ہیں۔ جلسہ گاہ میں کرسیاں لگائی جارہی ہیں جب کہ پارٹی قائدین کے خطاب کے لیے اسٹیج بھی تیار کیا جارہا ہے۔ تحریک انصاف نے مینار پاکستان جلسے کے لیے 3 ترانے بھی تیار کرلیے ہیں جن میں ایک ترانہ معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہےجس کے بول عثمان ڈار نے لکھے ہیں جب کہ ترانے میں کرپشن اور اقامے کا ذکر بھی ہے۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ 22 گھنٹوں میں ترانے کی کمپوزنگ اور ریکارڈنگ مکمل کی گئی، نیا ترانہ عمران خان اور کارکنوں کے لیے یوم تاسیس کا تحفہ ہے۔ ایک اور ترانہ تحریک انصاف وسطی پنجاب کی طرف سے تیار کروایا گیا۔یہ نغمہ برطانوی بھنگڑا سنگر عفی خان نے پنجابی زبان میں گایا ہے۔
عمران خان اہلیہ کے ہمراہ لاہور پہنچ گئے
دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی اہلیہ کےہمراہ لاہور پہنچ گئے ہیں۔ عمران خان شادی کے بعد پہلی مرتبہ اہلیہ کے ہمراہ لاہور آئے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی ائیرپورٹ سے ڈیفنس پہنچے جہاں ان کی اہلیہ نے ایک عزیز کے گھر میں قیام کیا۔ عمران خان کی اہلیہ کسی سیاسی سرگرمی یا پبلک میٹنگ کا حصہ نہیں بنیں گی۔
سیکیورٹی پلان مرتب
علاوہ ازیں لاہور پولیس کے مطابق گریٹر اقبال پارک میں تحریک انصاف کے جلسے کے لیے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ ایس پی سٹی علی رضا کا کہنا ہےکہ شرکا کو تین مقامات پر چیکنگ کے بعد جلسہ گاہ میں جانے کی اجازت دی جائے گی، میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹ بھی نصب کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ کے چاروں طرف اونچی عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کیے جارہے ہیں۔ ایس پی سٹی کے مطابق جلسہ گاہ میں داخلے کے پانچ راستے رکھے گئے ہیں، وی وی آئی پیز، مردوں اور خواتین کو علیحدہ علیحدہ راستوں سے گزارا جائے گا، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جلسہ گاہ اور اس کے راستوں کی مکمل نگرانی کی جائے گی، اس مقصد کے لیے خصوصی مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا ہے۔ ایس پی سٹی کے مطابق ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے 2 ایس پی، 12 ڈی ایس پی اور وارڈنز کو جلسہ گاہ کے چاروں اطراف راستوں پر تعینات کیا جائے گا۔